آندھرا پردیش میں لاری الٹ گئی، 7مزدورہلاک

   

حیدرآباد11ستمبر(یو این آئی) آندھراپردیش کے مشرقی گوداوری ضلع میں پیش آئے سڑک حادثہ میں 7 افرادہلاک اور دیگر دوشدیدزخمی ہوگئے ۔ یہ حادثہ ضلع کے چلکاواری پاکلاعلاقہ کے قریب کل شب اُس وقت پیش آیاجب لاری کے ڈرائیور نے اس کا توازن کھودیا اوریہ لاری الٹ گئی۔اس حادثہ میں7 مزدورہلاک اوردو شدید زخمی ہوگئے۔ یہ لاری ایلوروضلع کی سمت جارہی تھی۔ حادثہ اتناشدیدتھا کہ 6مزدور موقع پر ہی ہلاک ہوگئے ۔اس حادثہ کے بعد لاری ڈرائیور فرارہوگیا۔اطلاع ملتے ہی پولیس وہاں پہنچی جس نے مقامی افراد کی مدد سے راحت کام انجام دیئے اورلاری سے نعشوں کو نکال کر پوسٹ مارٹم اور زخمیوں کو علاج کے لئے ہاسپٹل منتقل کردیا۔

سری سیلم پراجکٹ سے
پانی چھوڑاگیا
حیدرآباد11ستمبر(یو این آئی) کرناٹک کے بالائی علاقوں میں ہوئی شدید بارش کے سبب تلنگانہ اوراے پی کے مشترکہ سری سیلم ڈیم میں پانی کے بہاو میں اضافہ درج کیاگیا جس کے بعد عہدیداروں نے اس کے دو دروازے کھولتے ہوئے پانی کو نچلے علاقہ میں چھوڑا۔اس پراجکٹ میں پانی کا بہاو1,44,155کیوزک درج کیاگیا جس کے بعد اس کے دو دروازوں کے ذریعہ 1,23,258کیوزک پانی چھوڑاگیا۔اس کی مکمل سطح آب 885فیٹ کے برخلاف 883.80فیٹ درج کی گئی۔