حیدرآباد: چیف منسٹر آندھراپردیش جگن موہن ریڈی نے وائی ایس آرمتسیاکارا بھروسہ (وائی ایس آر ماہی گیر بھروسہ)اسکیم کے تحت مسلسل تیسرے سال 1,19,875کسانوں کے خاندانوں کے بینک کھاتوں میں 119.88 کروڑ روپئے کی رقم جمع کروائی۔یہ اسکیم مچھلیوں کو پکڑنے پر غیر موسمی پابندی کے معاوضہ کے طورپر شروع کی گئی تھی جس کا معاوضہ دیاجارہا ہے ۔اس موقع پر وزیراعلی نے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعہ تقریبا1,19,875 خاندانوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے ۔اس کوان ماہی گیروں کو اونچا اٹھانے کے لئے شروع کیاگیا ہے جو وسط اپریل تا وسط جون کے دوران ذریعہ معاش کے لئے جدوجہد کرتے ہیں۔اس اسکیم کا آغاز2019میں کیاگیا تھا جس کے ذریعہ مالی امداد چار ہزار روپئے تا دس ہزار روپئے کے درمیان دی جارہی ہے ۔ریاستی حکومت نے اس اسکیم پر 332کروڑ روپئے کی رقم صرف کی ہے ۔وزیراعلی نے کہا کہ 8نئے فش ہاربرس قائم کئے جارہے ہیں جن میں سے پہلے مرحلہ میں چار ہاربارس کے کام نیلور ضلع کے جوالاڈین علاقہ،مشرقی گوداوری ضلع کے اُپاڈا،گنٹور ضلع کے نظام پٹنم اور کرشنا ضلع کے مچھلی پٹنم میں 1510کروڑ روپئے کے صرفہ سے کئے جارہے ہیں۔80ہزار ماہی گیروں کے لئے روزگار فراہم کرنے کے مقصد سے 1365کروڑ روپئے کے صرفہ سے سریکاکلم،وشاکھاپٹنم،مغربی گوداوری اور پرکاشم اضلاع میں جلد ہی چار نئے ہاربرس قائم کئے جائیں گے ۔