آندھرا پردیش میں متنازعہ ڈرامہ پر پابندی کا معاملہ ہائی کورٹ پہنچ گیا

   

حیدرآباد۔/9 فروری، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش میں چنتا منی نامی ڈرامہ کی پیشکشی کا تنازعہ ہائی کورٹ تک پہنچ گیا۔ حکومت کی جانب سے ڈرامہ پر پابندی کے خلاف ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی۔ چیف جسٹس کی زیر قیادت بنچ پر سماعت کے دوران رکن پارلیمنٹ رگھو رام کرشنا راجو کی جانب سے سینئر وکیل اومیش چندرا نے دلائل پیش کرتے ہوئے پابندی کی مخالفت کی۔ دوسری طرف ویشیا طبقات کی جانب سے پابندی کے حق میں مقدمہ میں فریق بننے کیلئے درخواست دائر کی گئی۔ سماعت کے دوران ہائی کورٹ نے مقدمہ میں فریق بننے کیلئے دائر کی گئی درخواست پر برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے کہا کہ مقدمہ کی سماعت کو دیکھتے ہوئے فریق بننے کا فیصلہ مناسب نہیں ہے۔ بعد میں عدالت نے درخواست کو قبول کرتے ہوئے فریق بننے کی اجازت دے دی۔ حکومت کے وکیل نے ڈرامہ پر پابندی کی وجوہات سے عدالت کو واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ بعض طبقات کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتے بعد سماعت مقرر کی ہے۔