آندھرا پردیش میں نائیٹ کرفیو میں مزید ایک ہفتہ کی توسیع

   

Ferty9 Clinic

کورونا قواعد پر سختی سے عمل آوری، چیف منسٹر جگن موہن ریڈی کی ہدایت
حیدرآباد۔ /20 جولائی، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش حکومت نے کورونا وباء پر قابو پانے کیلئے ریاست میں رات کے کرفیو میں مزید ایک ہفتہ کی توسیع کردی ہے۔ چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے کورونا کی صورتحال پر جائزہ اجلاس منعقد کیا جس میں کیسس کی تعداد میں بعض اضلاع میں کمی نہ ہونے کی وجوہات کا جائزہ لیا گیا۔ دوسری لہر کے جاری رہنے کے دوران تیسری لہر کے امکانات کو دیکھتے ہوئے رات 10 بجے سے دوسرے دن صبح 6 بجے تک نائیٹ کرفیو مزید ایک ہفتہ تک جاری رہے گا۔ حکومت نے کہا ہے کہ رات 9 بجے تک تجارتی سرگرمیوں کی اجازت رہے گی جبکہ ایک گھنٹہ تک گھر واپسی کی اجازت رہے گی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست میں کوویڈ قواعد پر ہر شہری کو سختی سے عمل کرنا ہوگا۔ حکومت نے سیاسی، مذہبی ، سماجی اور دیگر اجتماعات پر پابندی عائد کردی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ٹیکہ اندازی کی مہم میں شدت پیدا کی جارہی ہے۔ بیرونی ممالک جانے والے 31796 افراد کی ٹیکہ اندازی مکمل کی گئی ہے۔ 45 سال سے زائد عمر کے افراد کی ٹیکہ اندازی کی تکمیل کے بعد ٹیچرس کیلئے ٹیکہ اندازی کا عمل شروع ہوگا۔ چیف منسٹر نے محکمہ صحت کے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ خانگی دواخانوں کو ٹیکہ اندازی کا کوٹہ الاٹ کرنے کے بجائے حکومت کو الاٹ کرنے کے سلسلہ میں مرکز سے نمائندگی کریں۔ انہوں نے ریاست میں نئے دواخانوں کی تعمیر اور سرکاری دواخانوں میں انفراسٹرکچر کی فراہمی کیلئے اقدامات کی ہدایت دی۔