آندھرا پردیش میں پانچ سال میں 20 لاکھ روزگارفراہم کئے جائیں گے

   

کابینہ کے اجلاس کے بعد چندرا بابو نائیڈو کا اعلان، 6 اہم ترقیاتی پالیسیوں کی منظوری

حیدرآباد۔/16 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ انتخابی وعدہ کی تکمیل کرتے ہوئے آئندہ پانچ برسوں میں 20 لاکھ ملازمتوں کی فراہمی کیلئے نئی پالیسی تیار کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ روزگار کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح رہے گی اور اس سلسلہ میں نئی پالیسی کی تیاری کا کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلگودیشم نے الیکشن سے قبل 20 لاکھ ملازمتوں کی فراہمی کا وعدہ کیا تھا اور وہ اس نشانہ کی تکمیل میں سنجیدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی 6 ترقیاتی پالیسیوں میں روزگار کی فراہمی اولین ترجیح رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے روزگار کی فراہمی کے شعبہ کو نظرانداز کردیا تھا۔ بیروزگار نوجوانوں سے کئے گئے وعدہ کی تکمیل کرتے ہوئے حکومت نے ترجیحی بنیادوں پر روزگار کی فراہمی کی پالیسی تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے بہتر مواقع اور اِسکل ڈیولپمنٹ کوچنگ کے ذریعہ عالمی سطح پر مسابقت کے قابل بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش میں رتن ٹاٹا انوویشن ہب کی تعمیر کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے۔ ریاستی کابینہ کے اجلاس میں آج کئی اہم فیصلے کئے گئے جن میں چھ ترقیاتی اسکیمات کو منظوری شامل ہے۔ اے پی انڈسٹریل ڈیولپمنٹ پالیسی، اے پی ایم ایس ای ایم انٹر پرینر ڈیولپمنٹ پالیسی، اے پی فوڈ پراسیسنگ پالیسی، اے پی الیکٹرانک پالیسی، اے پی انڈسٹریل پارک پالیسی، اے پی انٹیگریٹیڈ کلین اینڈگرین اِنرجی پالیسی کو کابینہ نے منظوری دی ہے۔1