آندھرا پردیش میں پٹرول قیمت 100 روپئے فی لیٹر سے متجاوز

   

وجئے واڑہ ۔ آندھرا پردیش میں ایک لیٹر پٹرول کی قیمت 100 روپئے کے پار ہوگئی ہے ۔ شہر میں جو عام استعمال کا پٹرول ہوتا ہے اس کی قیمت 99.77 روپئے فی لیٹر ہوگئی ہے جبکہ پریمیم کوالیٹی کا جو پٹرول ہوتا ہے اس کی قیمت 102.47 روپئے ہوگئی ہے ۔ گذشتہ چار دنوں سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کا سلسلہ جاری ہے اور عوام پر بوجھ عائد ہوتا جا رہا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ خام تیل سے ریفائنڈ کرکے جو پٹرول حاصل کیا جاتا ہے اس کی اصل قیمت فی لیٹر 34 روپئے ہی ہوتی ہے ۔ تاہم حکومتوں کی جانب سے عوام پر نت نئے ٹیکس کا بوجھ عائد کرتے ہوئے مابقی رقم اینٹھی جاتی ہے۔ ریاستی اور مرکزی دونوں ہی حکومتیں اپنے اپنے ٹیکس عائد کرتی ہیں۔ پٹرول کا ٹرانسپورٹ خرچ 28 پیسے فی لیٹر ہوتا ہے جبکہ اس پر اکسائز ڈیوٹی 32.90 روپئے فی لیٹر عائد کی جاتی ہے ۔ ڈیلر کا کمیشن 3.45 روپئے فی لیٹر ہوتا ہے جبکہ ریاستی حکومت فی لیٹر 21.47 پیسے ویاٹ لاگو کرتی ہے ۔ آندھرا پردیش میں ڈیزل کی قیمت فی لیٹر 94.12 روپئے فی لیٹر ہوگئی ہے ۔