امراوتی 9 اپریل ( پی ٹی آئی ) آندھرا پردیش میں آج کورونا وائرس کی وجہ سے مزید دو افراد کے مرنے کی توثیق ہوگئی ہے جس کے بعد جملہ مہلوکین کی تعداد 6 ہوگئی ہے ۔ اب تک ریاست میں جملہ 363 افراد اس وائرس سے متاثر قرار پائے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ ایک مریض اس وائرس سے صحتیاب بھی ہوا ہے اور اسے دواخانہ سے ڈسچارچ کردیا گیا ۔ اب تک 10 مریض صحتیاب ہوکر گھر جاچکے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ ایک 70 سالہ شخص اننت پور میں فوت ہوا ہے جبکہ گنٹور ضلع میں ایک 45 سالہ شخص فوت ہوا ہے ۔ میڈیکل بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ یہ دونوں کورونا پازیٹیو پائے گئے تھے اور ان کا دواخانوں میں علاج چل رہا تھا ۔ گنٹور کے متوفی کو پہلے سے ٹی بی کا عارضہ بھی بتایا گیا ہے ۔
