آندھرا پردیش میں کورونا سے 4 اموات

   

ایک دن میں 43 نئے کیس۔ 45 مریض ڈسچارج
امراوتی 9 مئی ( پی ٹی آئی ) آندھرا پردیش میں کورونا وائرس کے آج 43 نئے کیس سامنے آئے ہیں اور اس طرح ریاست میں جملہ متاثرین کی تعداد 1930 ہوگئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ فی الحال ریاست میں 999 ایکٹیو کورونا پازیٹیو کیس ہیں۔ علاوہ ازیں ریاست میں کورونا وائرس کی وجہ سے 4 افراد کی موت بھی واقع ہوئی ہے اور 45 افراد کو دواخانہ سے ڈسچارج بھی کیا گیا ہے ۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میںضلع کرشنا سے دو اور کرنول سے ایک مریض کے مرنے کی اطلاع ہے ۔ ہفتے کو ایک 60 سالہ خاتون وشاکھاپٹنم میں کورونا وائرس کی وجہ سے فوت ہوگیا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر ( ہیلت ) اے کے کے سرینواس نے کہا کہ اس خاتون کا وجیا نگرم سے تعلق تھا اور دو دن قبل وہ کورونا سے متاثر پائی گئی تھی ۔ کہا گیا ہے کہ کچھ وقت سے وہ گردہ کے عارضہ کا بھی شکار تھی ۔ وجیا نگرم ضلع اب تک کورونا سے پاک قرار دیا گیا تھا تاہم دو دن قبل یہاں پہلے مریض کا پتہ چلا تھا ۔ یہ خاتون کورونا وائرس سے متاثر ہونے والی ضلع کی پہلی خاتون تھی ۔ اس دوران اسپیشل چیف سکریٹری ( ہیلت ) کے ایس جواہر ریڈی نے چیف منسٹر جگن موہن ریڈی کو ایک جائزہ اجلاس میںمیں مطلع کیا کہ چتور اور نیلور اضلاع سے اب زیادہ کیس سامنے آ رہے ہیں۔ یہ اضلاع ٹاملناڈو کی سرحد پر ہیں اور یہاں سے کئی لوگ چینائی کی مارکٹوں کو جاتے ہیں۔ چتور ضلع میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کیسیس میں اچانک اضافہ ہوا ہے اور یہاں 11 نئے کیس سامنے آئے ہیں۔