1500 بیڈس کی سہولت ، گودام کی دواخانہ میں تبدیلی ، حکومت کا فیصلہ
حیدرآباد۔حکومت آندھرا پردیش کی جانب سے کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کو تیز کردیا گیا ہے اور ابتداء سے ہی آندھراپردیش نے تلنگانہ کو اس معاملہ میں پیچھے کررکھا ہے۔ ریاستی حکومت آندھرا پردیش نے ضلع اننت پور میں ریاست کے سب سے بڑے کورونا وائرس مرکز کے قیام کا فیصلہ کیا ہے جہاں 1500 بستروں پر مشتمل دواخانہ تعمیر کیا جائے گا اور کورونا وائرس کے متاثرین کو علاج و معالجہ کی خصوصی سہولت فراہم کی جائے گی۔ریاستی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اننت پور میں موجود محکمہ سیول سپلائز کے گودام کو فوری اثر کے ساتھ کورونا وائرس کے دواخانہ میں تبدیل کیا جائے ۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے اس گودام کا معائنہ کرنے کے بعد یہاں 1500 بستروں پر مشتمل دواخانہ کے قیام کو منظوری دی ہے ۔ محکمہ صحت آندھراپردیش کی جانب سے تیار کئے گئے منصوبہ کے مطابق کورونا وائرس کے علاج کے لئے قائم کئے جانے والے اس خصوصی مرکز میں 1500 بسترہوں گے اور ان بستروں کو آکسیجن سے مربوط رکھا جائے گا۔ شہر حیدرآباد کے نواحی علاقہ میں موجود گچی باؤلی اسٹیڈیم سے متصل عمارت کو ریاستی حکومت کی جانب سے تلنگانہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس میں تبدیل کرنے کا اعلان کیا گیا تھا اور اس سلسلہ میں اقدامات بھی جاری ہیں لیکن ریاست آندھرا پردیش میں حکومت کی جانب سے کئے گئے فیصلہ کے فوری بعد محکمہ صحت نے اقدامات کا آغاز کردیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ اندرون10یوم اس مرکز کا آغاز کردیا جائے گا۔ محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق اننت پور میں قائم کئے جانے والے اس مرکز کے قیام کے سلسلہ میں جو اقدامات کئے جا رہے ہیں ان کے تحت سب سے پہلے اس گودام میں بستروں اور آکسیجن کے علاوہ وینٹیلیٹرس ‘ ایکسرے مشینوں اور دیگر ضروری آلات کی تنصیب عمل میں لائی جائے گی۔عہدیداروں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے اجازت کی فراہمی کے فوری بعد محکمہ صحت کی جانب سے گودام کو کورونا وائرس کے علاج کے مرکز میں تبدیل کرنے کے سلسلہ میں درکار اشیاء کے حصول کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے کورونا وائرس پر قابو پانے اور شہریوں کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی میں کسی بھی طرح کی مفاہمت نہ کرنے کی ہدایات جاری کی ہے اور کہا ہے کہ ضرورت پڑنے پر دیگر اضلاع میں بھی اس طرح کے کورونا وائرس کے مراکز کا قیام عمل میں لایا جائے۔