آندھرا پردیش میں کورونا کی شدت جاری ‘ 62 نئے کیس

,

   

جملہ تعداد 1,525 ہوگئی ۔ کرنول میں سب سے زیادہ افراد متاثر
امراوتی 2 مئی ( پی ٹی آئی ) آندھرا پردیش میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ درج کیا جا رہا ہے ۔ آج بھی ایک دن میں 62 نئے کیس سامنے آئے ہیں اس طرح ریاست میںکورونا کے جملہ متاثرین کی تعداد 1,525 ہوگئی ہے ۔ ریاست میں یہ وائرس تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے ۔ ریاستی حکومت کے ایک بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ گدشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جملہ 38 کورونا مریض صحتیاب بھی ہوئے ہیں اور انہیںمختلف دواخانوں سے ڈسچارج کردیا گیا ہے ۔ اب تک ریاست میں 441 مریضوں کو صحتیابی کے بعد ڈسچارج کیا گیا ہے ۔ آندھرا پردیش میں ضلع کرنول اس وائرس سے زیادہ متاثرہے ۔ اس ضلع سے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 25 کیس سامنے آئے ہیں۔ کرنول میں اب تک جملہ 436 کورونا کیس ہوئے ہیں جن میں 360 مریضوں کا اب بھی علاج کیا جا رہا ہے ۔ یہاں اب تک 66 مریض ڈسچارج کردئے گئے ہیں اور 10 مریضوں کی موت واقع ہوگئی ہے ۔ ضلع کرشنا اس معاملے میں دوسرے نمبر پر ہے جہاں ایک دن میں 12 نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ ضلع میں اب تک 258 افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ دو مریض گنٹور میں سامنے آئے ہیں۔ گنٹور میں مریضوں کی تعداد 308 بتائی گئی ہے ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ گنٹور ضلع میں سب سے زیادہ 97 مریضوں کو صحتیابی کے بعد دواخانہ سے ڈسچارج کیا گیا ہے ۔ ضلع میں آٹھ افراد اب تک اس وائرس کی وجہ سے فوت ہوئے ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں جو 38 مریض ڈسچارج کئے گئے ہیں ان میں نصف کا تعلق گنٹور سے بتایا گیا ہے جبکہ کرشنا اور مغربی گوداوری سے سات سات اور اننت پورم و چتور سے دو دو مریضوں کا تعلق بتایا گیا ہے ۔ریاست میں فی الحال 1,051 کورونا ایکٹیو مریض ہیں جن کا علاج چل رہا ہے ۔ ریاست میںگذشتہ 24 گھنٹوں میں پانچ ہزار سے زائد معائنے کئے گئے ۔