آندھرا پردیش میں 1 لاکھ ریاپڈ کووڈ ٹسٹنگ کٹس کا حصول

   

Ferty9 Clinic

امراوتی 17 اپریل ( این ایس ایس ) کورونا وائرس کی روک تھام کے اقدامات کے طور پر حکومت آندھرا پردیش نے ایک لاکھ تیز رفتار کورونا ٹسٹنگ کٹس خریدے ہیں جن کے ذریعہ صرف دس منٹ میں ٹسٹ کے نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ یہ کٹس جنوبی کوریا سے ایک خصوصی چارٹرڈ طیارہ کے ذریعہ ریاست کو منتقل کردئے گئے ہیں۔ چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے یہ کٹس آج چیف منسٹر کیمپ آفس تاڑے پلی میں لانچ کئے ۔ یہ کٹس ریاست میں کمیونٹی ٹسٹنگ کیلئے استعمال کئے جائیں گے ۔ حکومت آندھرا پردیش کی جانب سے ریاست کے کنٹینمنٹ زونس میں عوام کی بڑے پیمانے پر جانچ کیلئے استعمال کئے جائیں گے جس کا مقصد ریاست میں اس مہلک اور خطرناک وباء کو پھیلنے سے روکنا ہے ۔ حکومت نے کہا کہ ان ٹسٹنگ کٹس کی آمد کے بعد ریاست میں عوام کے معائنوں میں تیزی پیدا کردی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاپڈ کو وڈ 19 کٹس کے ذریعہ صرف چند منٹ میں یہ پتہ چلایا جاسکے گاک ہ آیا کوئی شخص کورونا سے متاثر ہوا ہے یا نہیں۔ ان کٹس کے ذریعہ یہ بھی پتہ چلایا جاسکتا ہے کہ کوئی متاثرہ شخص علاج کے بعد پوری طرح اس وائرس سے صحتیاب ہوا بھی ہے یا نہیں ۔ پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر کے ایس جواہر ریڈی نے کہا کہ ان کٹس کو چار تا پانچ دن میںتمام اضلاع کو روانہ کردیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش سارے ملک میں کورونا وائرس کے معائنے کرنے میں پانچویں نمبر پر ہے ۔