آندھرا پردیش میں 2018 گروپ I امتحانات کو ہائی کورٹ نے منسوخ کردیا

   

حیدرآباد۔/13 مارچ، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش ہائی کورٹ نے ایک اہم فیصلہ سناتے ہوئے2018 میں آندھرا پردیش پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے منعقدہ گروپ I امتحانات کو منسوخ کردیا۔ عدالت نے سابق میں منعقد کئے گئے گروپ I مینس امتحانات کو منسوخ کرتے ہوئے پبلک سرویس کمیشن کودوبارہ انعقاد کی ہدایت دی ہے۔ بعض امیدواروں نے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے شکایت کی تھی کہ جوابی بیاض کے مینول کے طریقہ کار میں تبدیلی کے نتیجہ میں امیدواروں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ پبلک سرویس کمیشن نے دو مرتبہ قواعد میں تبدیلی کی۔ امیدواروں نے شکایت کی کہ پبلک سرویس کمیشن نے نتائج کے اعلان میں شفافیت برقرار نہیں رکھی ہے اور کئی امیدوار سلیکشن سے محروم ہوئے ہیں۔ ہائی کورٹ نے مقدمہ کی طویل سماعت کے بعد آج فیصلہ سنایا۔ عدالت نے کہا کہ جوابی پرچہ جات کو بارہا تبدیل کرنا قواعد کے خلاف ہے۔ عدالت نے آئندہ چھ ماہ میں دوبارہ امتحانات منعقد کرتے ہوئے سلیکشن کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔1