حیدرآباد۔ آندھرا پردیش میں 3 علحدہ دارالحکومتوں کے قیام کے مسئلہ پر جگن موہن ریڈی حکومت کو آج اسوقت دھکا لگا جب ہائی کورٹ نے حکومت کی جانب سے منظورہ بل پر حکم التواء میں 14 اگسٹ تک توسیع کردی ہے۔ واضح رہے کہ جگن موہن ریڈی حکومت نے ریاست کے تین شہروں میں علحدہ دارالحکومت کے قیام کا فیصلہ کیا ہے اور گورنرکی جانب سے اس کی منظوری دی جاچکی ہے تاہم یہ معاملہ ہائی کورٹ میں زیر دوران ہے۔ ہائی کورٹ میں آج دارالحکومتوں کے قیام کی مخالفت میں دائر کی گئی درخواستوں کی سماعت کی گئی۔ درخواست گذار کے وکیلوں نے عدالت سے کہا کہ حکومت کی جانب سے منظورہ بل غیر دستوری ہے۔ درخواست گذاروں کی جانب سے نامور وکلاء شیام دھون اور مرلیدھر نے بحث کی۔ حکومت وجئے واڑہ کے بجائے وشاکھاپٹنم کو نظم و نسق کا دارالحکومت بنانے کا فیصلہ کرچکی ہے۔ موجودہ دارالحکومت امراوتی کو تبدیل کرنے کے خلاف ہائی کورٹ میں درخواستیں دائر کی گئیں۔ امراوتی سے تعلق رکھنے والے کسان اس فیصلہ کی مخالفت کررہے ہیں۔ ہائی کورٹ میں اس سلسلہ میں کئی درخواستیں داخل کی گئی ہیں۔