آندھرا پردیش :وین حادثہ کا شکار، 8کروڑ کے زیورات برآمد

   

حیدرآباد 28جون (یو این آئی )آندھرا پردیش کے ضلع پرکاشم میں حادثہ پیش آیا جب سونا لے جا رہی ایک وین شاہراہ پر ایک لاری سے ٹکرا گئی۔ وین میں 8 کروڑ مالیت کے طلائی زیورات موجود تھے جس پر پولیس کو تعجب ہوا۔تفصیلات کے مطابق سونے کے زیورات فروخت کرنے والی مشہور کمپنی نے وجے واڑہ شاخ سے نیلور برانچ کو قیمتی زیورات منتقل کرنے وین روانہ کی تھی۔ گاڑی میں ڈرائیور، سیکیورٹی گارڈ اور سوپروائزر موجود تھے ۔کل رات، وین ایک سامنے جا رہی لاری سے ٹکرا گئی۔ اس حادثہ میں ڈرائیور اور سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوئے جبکہ سوپروائزر ناگر راجو محفوظ رہا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی۔ جب معلوم ہوا کہ وین میں بڑی مقدار میں سونا موجود ہے تو وین کو تعلقہ پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا اور حکام کو اطلاع دی گئی ۔ ڈی ایس پی رایا پاتی سرینواس راؤ اور تعلقہ سی آئی ٹی وجے کرشنا نے تحقیقات کا آغاز کیا۔