آندھرا پردیش کو خصوصی موقف اور مرکزی فنڈ ز دینے کی درخواست

,

   

وزیر اعظم مودی سے چیف منسٹر جگن کی ملاقات، کونسل کی برخواستگی کو جلد منظوری پر زور

نئی دہلی۔/12 فبروری، ( پی ٹی آئی) آندھرا پردیش کے چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے چہارشنبہ کو قومی دارالحکومت میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ اس دوران انہوں نے بشمول اپنی ریاست کو خصوصی درجہ دینے کے علاوہ دیگر مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ ذرائع نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کی رہائش گاہ پر 90 منٹ تک جاری رہی بات چیت کے دوران جگن موہن ریڈی نے آندھرا پردیش کو مرکزی گرانٹس کی بعجلت ممکنہ اجرائی کی درخواست کی جو آندھرا پردیش کی تقسیم کے بعد سے مرکز پر واجب الادا ہیں۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے صدر جگن موہن ریڈی نے آندھرا پردیش کو خصوصی موقف دینے کے دیرینہ مطالبہ کی منظوری کیلئے بھی مرکز سے درخواست کی۔ انہوں نے پولاورم آبپاشی پراجکٹ کیلئے ریاست کی طرف سے خرچ کردہ 3,880 کروڑ روپئے کی مرکز کی طرف سے باز ادائیگی کی خواہش کی۔ جگن موہن ریڈی نے ریاستی اسمبلی کی طرف سے قانون ساز کونسل کی برخواستگی کیلئے منظورہ قرارداد کو پارلیمنٹ کی جانب سے جلد منظوری دینے کی استدعا کی۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ وجئے سائی ریڈی، متھن ریڈی، وائی ایس اویناش ریڈی اور وی پربھاکر ریڈی بھی وزیر اعظم سے چیف منسٹر جگن کی ملاقات کے دوران موجود تھے۔