کرشنا ریور مینجمنٹ بورڈ کو مرکزی وزیر کا مکتوب، تلنگانہ کی شکایت پر کارروائی
حیدرآباد۔/16 مئی، ( سیاست نیوز) مرکزی حکومت نے کرشنا ریور مینجمنٹ بورڈ کو ہدایت دی ہے کہ آندھرا پردیش حکومت کو دریائے کرشنا سے زائد پانی کے حصول سے روکنے کے اقدامات کرے۔ مرکزی وزیر برائے آبی وسائل گجیندر سنگھ شیخاوت نے اس سلسلہ میں کرشنا ریور مینجمنٹ بورڈ کو مکتوب روانہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش کی جانب سے پوتی ریڈی پاڈو پراجکٹ کی گنجائش میں اضافہ اور دریائے کرشنا سے3 ٹی ایم سی روزانہ پانی کے حصول کے فیصلہ کی اطلاع ملی ہے۔ اس معاملہ کا جائزہ لینے کے بعد کرشنا ریور مینجمنٹ بورڈ کو ہدایت دی گئی کہ وہ آندھرا پردیش حکومت کو آئندہ کسی بھی اقدام سے روک دے۔ مرکزی وزیر نے آبی وسائل کے عہدیداروں کو اپیکس کونسل کا اجلاس طلب کرنے کی ہدایت دی تاکہ کرشنا کے پانی کے استعمال کے بارے میں دونوں ریاستوں کے حقوق کا جائزہ لیا جاسکے۔ قبل ازیں کرشنا ریور مینجمنٹ بورڈ نے چیف سکریٹری حکومت آندھرا پردیش کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے پراجکٹ کی تفصیلات طلب کی ہے ۔ انہوں نے تلنگانہ حکومت کی جانب سے کی گئی شکایت کے پس منظر میں آندھرا پردیش حکومت کا موقف جاننے کی کوشش کی ہے۔ واضح رہے کہ تلنگانہ حکومت نے ریور مینجمنٹ بورڈ سے آندھرا پردیش کے خلاف نمائندگی کی ہے۔