حیدرآباد۔/22 فروری، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش کی تقسیم کے مسئلہ پر سپریم کورٹ میں داخل کی گئی درخواست کی سماعت کو ملتوی کردیا گیا۔ آندھرا پردیش کے سیاسی لیڈر یو ارون کمار، تلنگانہ وکاس کیندر اور بعض دیگر اداروں کی جانب سے داخل کی گئی درخواستوں کی آج ابتدائی سماعت کی لیکن بعد میں اسے 11 اپریل تک ملتوی کردیا گیا۔ سپریم کورٹ کے دستوری بنچ پر بعض اہم مسائل پر مقدمات کی سماعت کے نتیجہ میں آندھرا پردیش کی تقسیم پر سماعت کو موخر کیا گیا۔ چہارشنبہ اور جمعرات کو صرف نوٹسوںکی اجرائی اور قطعی سماعت والے معاملات پر بحث کی اجازت دینے کا سپریم کورٹ نے حال ہی میں فیصلہ کیا۔ سپریم کورٹ کے تازہ ترین فیصلہ کی روشنی میں ریاست کی تقسیم کے معاملہ پر بحث ممکن نہیں ہے۔ ارون کمار کے وکیل اے رمیش نے عدالت سے درخواست کی کہ اس معاملہ کی عاجلانہ سماعت کی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ سماعت کے موقع پر تیقن دیا گیا تھا کہ آج تفصیلی سماعت ہوگی۔ درخواست گذار کا کہنا ہے کہ ریاست کی تقسیم مناسب انداز میں نہیں کی گئی جس کے نتیجہ میں دونوں ریاستوں کے درمیان کئی امور پر اختلافات ہیں۔ درخواست گذار نے کہا کہ مستقبل میں ریاست کی تقسیم کی صورت میں تمام احتیاط پیش نظر رکھنے کی مرکز کو ہدایت دی جائے۔ جسٹس کے ایم جوزف، جسٹس ناگا رتنا اور جسٹس پارڈی والا پر مشتمل بنچ نے 11 اپریل کو سماعت مقرر کی۔ر