آندھرا پردیش کے آئی پی ایس عہدیدار این سنجے کے خلاف فنڈس کے بیجا استعمال کی تحقیقات

   

حیدرآباد۔ 3 ستمبر (سیاست نیوز) آندھرا پردیش میں اینٹی کرپشن بیورو نے سرکاری فنڈس کے مبینہ طور پر بیجا استعمال کے معاملہ میں تحقیقات کے لئے سینئر آئی پی ایس عہدیدار این سنجے کو اپنی تحویل میں لیا ہے۔ وجئے واڑہ اے سی بی کورٹ نے این سنجے کو تحویل میں لیتے ہوئے 3 دن تک تحقیقات کی اجازت دی ہے۔ عدالتی احکامات کے مطابق آئی پی ایس عہدیدار کی روزانہ صبح 8 تا شام 6 بجے تفتیش کی جائے گی۔ اے سی بی عہدیداروں نے ڈسٹرکٹ جیل سے این سنجے کو طبی معائنہ کے لئے گورنمنٹ جنرل ہاسپٹل منتقل کیا جس کے بعد تحقیقات کا آغاز ہوا۔ اے سی بی آفس میں این سنجے سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔ این سنجے نے مختلف محکمہ جات میں اہم عہدوں پر خدمات انجام دی ہیں اور مذکورہ محکمہ جات میں معاشی بے قاعدگیوں اور فنڈس کے بیجا استعمال کی شکایات ہیں۔ ٹنڈر کے طریقہ کار میں بے قاعدگیوں اور خانگی کمپنیوں کو رقومات کی ادائیگی کی جانچ کی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ 1996 بیاچ سے تعلق رکھنے والے این سنجے آندھرا پردیش کرائم انوسٹیگیشن ڈپارٹمنٹ (CID) کے سربراہ کے علاوہ ڈائرکٹر جنرل فائر سرویسیس کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ سپریم کورٹ کی ہدایت پر انہوں نے 26 اگست کو وجئے واڑہ کی اے سی بی اسپیشل کورٹ میں خود سپردگی اختیار کی تھی۔ عدالت نے انہیں 15 دن کی تحویل میں دیا ہے جس کے بعد انہیں وجئے واڑہ جیل منتقل کیا گیا۔ 1