آندھرا پردیش کے عازمین حج کو حکومت سے فی کس 60 اور 30 ہزار روپئے تحفہ

   

تلنگانہ حکومت یوزر ڈیولپمنٹ فیس معاف کرنے کی متحمل نہیں ، سیکولر اور نمبرون حکومت کے چرچے
حیدرآباد۔29۔مارچ(سیاست نیوز)حکومت تلنگانہ عازمین حج سے وصول کئے جانے والی یوزر ڈیولپمنٹ فیس معاف کروانے کی متحمل نہیں ہے اور نہ ہی ریاست تلنگانہ کے عازمین حج کے لئے حکومت تلنگانہ یا تلنگانہ ریاستی حج کمیٹی کی جانب سے کوئی معیاری سہولت فراہم کرنے کے اقدامات نہیں کئے جا رہے ہیں جبکہ پڑوسی ریاست آندھرا پردیش میں حکومت کی جانب سے عاز مین حج کو فی کس 60ہزار روپئے اور30 ہزار روپئے بطور تحفہ پیش کئے جا رہے ہیں۔ حکومت آندھراپردیش کی جانب سے چلائی جانے والی عازمین حج کی اسکیم سے آندھراپردیش حج کمیٹی سے روانہ ہونے والے تمام عازمین حج استفادہ کرتے ہیں اور انہیں ان کی آمدنی کے مطابق حکومت کی جانب سے جاری کی جانے والی یہ رقومات بذریعہ آرٹی جی ایس کھاتوں میں منتقل کی جاتی ہیں۔ مرکزی حکومت کی جانب سے حج سبسیڈی برخواست کئے جانے کے فیصلہ کے ساتھ ریاستی حکومت آندھراپردیش نے عازمین حج کو ہونے والے نقصان سے محفوظ رکھنے کے لئے انہیں ریاستی حکومت کی جانب سے بطور سفر خرچ رقم منظور کرنے کا فیصلہ کیا اور اس سلسلہ میں جاری کئے گئے سرکاری احکامات کے مطابق سالانہ 3لاکھ روپئے تک آمدنی رکھنے والے عازمین حج کو 60 ہزار روپئے فی کس اور 3لاکھ روپئے سے زائد آمدنی رکھنے والوں کو بطور سفر خرچ 30ہزار روپئے ادا کئے جا رہے ہیں۔ تلنگانہ میں حکومت اور چیف منسٹر کے متعلق کئے جانے والے دعوؤں کا اگر مشاہدہ کیا جائے تو چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست تلنگانہ میں عازمین حج کے لئے کوئی ایسی سہولت فراہم نہیں کی ہے اور نہ ہی نئے حج ہاؤز کی تعمیر کے وعدہ کو پورا کیا گیا بلکہ شمس آباد ائیر پورٹ پر وصول کئے جانے والے یو ڈی ایف میں رعایت دلوانے میں بھی تلنگانہ ریاستی حج کمیٹی اور ریاستی حکومت اب تک ناکام رہی ہے ۔ حکومت تلنگانہ کو ’نمبرون‘ سیکولر حکومت اور چیف منسٹر کو نمبرون سیکولر قائد قرار دینے والے قائدین بھی اس طرح کی کوئی اسکیم کو روشنا نہیں کروا پائے جبکہ حکومت آندھراپردیش میں عازمین حج کو 60 ہزار اور 30ہزار روپئے سواری خرچ کی اسکیم پر سال 2019سے عمل آوری کی جار ہی ہے اور اس اسکیم کے لئے جاری کئے جانے والے بجٹ میں اب تک کسی قسم کی کوئی تاخیر نہیں ہوئی بلکہ ہر سال بروقت بجٹ کی اجرائی اور عازمین حج کی روانگی سے قبل ان کے کھاتوں میں یہ رقومات منتقل کردیئے جاتے ہیں۔م