اے پی کے سی ای او اور دیگر عہدیداروں کی چیرمین تلنگانہ وقف بورڈ سے ملاقات
حیدرآباد۔31۔مارچ(سیاست نیوز) آندھرا پردیش ریاستی وقف بورڈ کے عہدیداروں نے آج صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان سے ملاقات کرتے ہوئے پڑوسی ریاست آندھراپردیش کے وقف ریکارڈس حوالہ کرنے کی درخواست کی ۔ چیف اکزیکیٹیو آفیسر آندھراپردیش ریاستی وقف بورڈ جناب ایل ۔کیو عبدالقادر نے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ حج ہاؤز پہنچ کر صدرنشین وقف بورڈ کے علاوہ چیف اکزیکیٹیو آفیسر جناب سید خواجہ معین الدین سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں تقسیم وقف بورڈ کے اصولوں کے مطابق آندھراپردیش وقف بورڈ کے ریکارڈس انہیں حوالہ کرنے کی خواہش کی اور وقف بورڈ کے اثاثہ جات کی تقسیم کے معاملہ کو بھی مکمل کرنے کی خواہش کی۔ تقسیم ریاست آندھراپردیش کے بعد مرکزی حکومت کی وزارت اقلیتی امور نے آندھراپردیش ریاستی وقف بورڈ کی تقسیم کے عمل کو مکمل کرتے ہوئے ریاست آندھراپردیش کے ریکارڈس اور دیگر ہدایات پر مشتمل گزٹ جاری کیا تھا۔ حکومت تلنگانہ کی زبانی ہدایت پر مہربند وقف ریکارڈ سیکشن میں موجود ریاست آندھراپردیش کے ریکارڈس کی حوالگی کے سلسلہ میں سابقہ وقف بورڈ کی جانب سے کئے گئے فیصلہ کے باوجود نااہل عہدیداروں اور حکومت کی چاپلوسی میں مصروف افرادکی جانب سے آندھراپردیش وقف بورڈ کی جائیدادوں کا ریکارڈ حوالہ نہیں کیا جاسکا جبکہ تلنگانہ ریاستی محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے اس سلسلہ میں میمو کی اجرائی کے ذریعہ آندھراردیش وقف بورڈ کے ریکارڈس حوالہ کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے تھے لیکن اس کے باوجود کوئی کاروائی نہیں کی گئی ۔ بتایاجاتا ہے کہ تلنگانہ ریاستی وقف بور ڈ کے ریکارڈ سیکشن کو مہربند رکھے جانے کے سبب نہ صرف تلنگانہ کی عدالتوں میں جاری مقدمات کو نقصان ہورہا ہے بلکہ پڑوسی ریاست آندھرا پردیش میں موجود اوقافی جائیدادوں کے مقدمات میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ چیف اکزیکیٹیو آفیسر آندھراپردیش ریاستی وقف بورڈ جناب ایل ۔کیو عبدالقادر نے صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان کو بورڈ کی تقسیم کے متعلق عرصہ سے حل طلب مسائل سے واقف کرواتے ہوئے ان سے خواہش کی کہ وہ ان امور کی عاجلانہ تکمیل کے ذریعہ آندھراپردیش ریاستی وقف بورڈ کی 65ہزار ایکڑ موقوفہ جائیدادوں کے تحفظ میں تعاون کریں۔صدرنشین وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خانے بتایا کہ تقسیم وقف بورڈ اور دونوں ریاستی حکومتوں کے درمیان اتفاق رائے سے کئے گئے فیصلہ کا وہ احترام کرتے ہیں اور ان پر عمل آوری کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے بتایا تقسیم وقف بورڈ کے اصولوں و ضوابط کے متعلق آندھراپردیش وقف بورڈ کی جانب سے تحریری طور پر مطلع کئے جانے اور ریکارڈس طلب کئے جانے کی صورت میں فوری طور پر ریکارڈس کی حوالگی کے سلسلہ میں ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔م