جسٹس عبدالنذیر کل گورنر کے عہدہ کا حلف لیں گے
حیدرآباد۔/22 فروری، ( سیاست نیوز) چھتیس گڑھ کے گورنر مقرر کئے جانے پر آندھرا پردیش کے موجودہ گورنر بسوا بھوشن ہری چندن کو آج پراثر تقریب میں وداع کیا گیا۔ حکومت کی جانب سے گورنر کی وداعی تقریب منعقد کی گئی جس میں آندھرا پردیش کیلئے ان کی خدمات کی بھرپور ستائش کی گئی۔ گناورم ایرپورٹ پر چیف منسٹر جگن موہن ریڈی نے قدم بوسی کرتے ہوئے گورنر کا آشیرواد حاصل کیا۔ انہوں نے گورنر کو تہنیت پیش کی اور یادگاری مومنٹو حوالے کیا۔ چیف منسٹر اور گورنر کے درمیان ملاقات انتہائی جذباتی رہی۔ اس موقع پر چیف سکریٹری جواہر ریڈی، ضلع کلکٹر رنجیت باشاہ، ڈائرکٹر جنرل پولیس راجندر ناتھ ریڈی، گورنر کے پرنسپل سکریٹری انیل کمار سنگھل اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ گورنر کو پولیس نے گارڈ آف آرنر پیش کیا جس کے بعد خصوصی طیارے سے وہ چھتیس گڑھ کیلئے روانہ ہوگئے۔ اسی دوران آندھرا پردیش کے نئے گورنر جسٹس عبدالنذیر 24 فروری کو اپنے عہدہ کا حلف لیں گے۔ سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج جسٹس عبدالنذیر کو مرکز نے آندھرا پردیش کا گورنر مقرر کیا ہے۔ر