5183 کروڑ کے خرچ کا تخمینہ ، بیرونی سرمایہ کاری کو ترغیب ، دس سال کی منصوبہ بندی
حیدرآباد ۔ 6 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز): مرکزی حکومت کی جانب سے شروع کردہ اسمارٹ سٹی پروگرام کے مطابق ریاستی حکومت نے بھی آندھرا پردیش میں مزید شہروں کو ’ اسمارٹ سٹی کے طور پر ترقی دینے ‘ کا فیصلہ کیا ہے ۔ جس کی روشنی میں حکومت نے مرحلہ وار اساس پر جملہ 13 شہروں کو اسمارٹ سٹی کے طور پر ترقی دے گی جن میں سریکاکلم ، وجیانگرم ، راجمندری ، ایلورو ، وجئے واڑہ ، مچھلی پٹنم ، گنٹور ، اونگول ، کرنول ، اننت پور ، کڑپہ ، چتور اور نیلور شامل ہیں ۔ جب کہ مرکزی حکومت کی جانب سے وشاکھا پٹنم ، کاکناڈا ، امراوتی اور تروپتی کو اسمارٹ سٹی کے طور پر ترقی دی جارہی ہے ۔ ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ آئندہ دس سال کے دوران 13 شہروں کو اسمارٹ سٹی کی حیثیت سے ترقی دینے کی تجویز ہے ۔ پہلے مرحلہ کے تحت چھ شہروں کو اسمارٹ سٹی میں تبدیل کرنے کے لیے پہل کی جائے گی ۔ اور ان شہروں کو ترقی دینے کے لیے جملہ 5183 کروڑ روپیوں کے خرچ کا تخمینہ لگایا گیا ہے ۔ ریاستی حکومت اور مرکزی حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کے تحت آندھرا پردیش کے جملہ 17 شہر اسمارٹ سٹی میں تبدیل ہوں گے ۔ آندھرا پردیش میں بڑھتی ہوئی شہری آبادی کے پیش نظر بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر ریاستی حکومت اپنی خصوصی توجہ مرکوز کررہی ہے ۔ کیوں کہ فی الوقت ریاست کی جملہ آبادی کے منجملہ 30 فیصد آبادی شہری علاقوں میں ہے اور آئندہ دس سال کے دوران موجودہ 30 فیصد آبادی میں اضافہ ہو کر شہری علاقوں کا فیصد 50 سے بھی تجاوز کرجانے کا قوی امکان ہے ۔ لہذا شہری علاقوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے آئندہ دس سال کے دوران کم از کم 3.55 لاکھ کروڑ روپئے درکار ہونے کا ابتدائی تخمینہ کا اندازہ لگایا گیا ہے اور اس میں صرف ایک شہری ٹرانسپورٹ شعبہ کے لیے 89.034 کروڑ روپیے کی ضرورت ہوگی ۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ ریاستی حکومت اس مجوزہ اسمارٹ سٹی پراجکٹ کو مکمل کرنے کے لیے بیرونی سرمایہ کاری کی ترغیب کی کوشش کرے گی ۔ علاوہ ازیں ریاست آندھرا پردیش میں میٹرو ریل پراجکٹ ، شاہراہوں کی ترقی بندرگاہوں کی ترقی ، جیسے شعبوں میں بی او ٹی ، پی پی پی ، پالیسی کے تحت بیرونی سرمایہ کاری کے لیے سرمایہ کاروں کو مدعو کرنے کے اقدامات کرے گی ۔ اسی دوران وزیر فینانس اے پی ، پی راجندر ناتھ نے بتایا کہ آئندہ دس سال کے دوران ریاستی جی ڈی پی میں 75 فیصد رقومات شہروں کے ذریعہ ہی حاصل ہونے کا حکومت کی جانب سے اندازہ لگایا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست آندھرا پردیش میں سرمایہ کاری کے لیے بیرونی سرمایہ کار پہل کررہے ہیں ۔۔