تینوں ٹرینوں میں316 مسافرین کی موجودگی کا امکان
حیدرآباد۔/3 جون، ( سیاست نیوز) اڈیشہ میں پیش آئے ٹرین کے بھیانک حادثہ میں آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والے افراد کا پتہ چلانے کیلئے حکومت اقدامات کررہی ہے۔ چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے عہدیداروں کو اڈیشہ روانہ ہونے کی ہدایت دی تاکہ مہلوکین اور زخمیوں کے بارے میں تفصیلات حاصل ہوں۔ دو ٹرینوں میں آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والے مسافرین کی تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں جس کے لئے ریزرویشن سے ناموں کا حصول ممکن ہوا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والے 316 افراد حادثہ میں محفوظ ہیں جبکہ 141 افراد کے موبائیل فون سوئچ آف بتائے جارہے ہیں۔ ریزرویشن کے ذریعہ سفر کرنے والوں میں وشاکھاپٹنم کے 165 مسافرین ہیں جبکہ وجئے واڑہ سے تعلق رکھنے والے 80 مسافرین کی نشاندہی کی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 267 مسافرین نے تاحال اپنے محفوظ ہونے کی اطلاع دی ہے جبکہ وشاکھاپٹنم کے 11 مسافرین معمولی طور پر زخمی ہوئے ہیں۔ ایلور اور وجئے واڑہ سے تعلق رکھنے والے تقریباً 20 مسافرین معمولی زخمی بتائے گئے ہیں۔ جن141 مسافرین کے موبائیل فون سوئچ آف بتائے گئے ہیں ان میں وشاکھاپٹنم، وجئے واڑہ سے تعلق رکھنے والوں کی تعداد زیادہ ہے۔ تینوں ٹرینوں میں آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والے مسافرین سوار تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں مہلوکین کی مکمل شناخت کے بعد حقیقی تعداد کا پتہ چلے گا۔ر