آندھرا کے عوام ہی میرے محافظ : چندرا بابو نائیڈو کا رد عمل

   

حیدرآباد ۔ 29 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : صدر تلگو دیشم این چندرا بابو نائیڈو نے ان کی سیکوریٹی میں کمی پر شدید ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ ’ ریاست کے عوام ہی ان کے محافظ ہیں اور ہر شہری کا مکمل تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ پارٹی قائدین کے ساتھ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائیڈو نے کہا کہ بھگوان اور عوام کی نیک تمناؤں و آشیرواد کے نتیجہ میں ہی تروپتی ’ الپیری ‘ کے مقام پر پیش آئے واقعہ میں وہ ’ موت کے منہ سے باہر آسکے ‘ انہوں نے ریاست میں گذشتہ پانچ ہفتوں کے دوران بڑھتے مظالم ، حملوں کے واقعات ‘ قتل واقعات پر تاسف کا اظہار کیا اور انہیں تکلیف دہ قرار دیا ۔ سابق چیف منسٹر نے کہا کہ آندھرا پردیش کا برانڈ امیج متاثر ہونے پر ریاست کی ترقی کیلئے ان کی تمام کوششیں ملیا میٹ ہو کر رہ جائیں گی ۔ چندرا بابو نائیڈو نے ریاست میں تلگو دیشم قائدین و کارکنوں پر حملوں و قتل کے واقعات پر وزیر داخلہ شریمتی سچریتا کے ریمارکس کا تذکرہ کیا جس میں انہوں نے کہا کہ ایسے کئی واقعات پیش آتے ہیں ہر ایک کیلئے نگران کاری کی جائیگی ؟ ان ریمارکس پر وزیر داخلہ سے انہوں نے دریافت کیا کہ آخر عام آدمی کو کون تحفظ فراہم کریں گے ۔