نئی دہلی ۔10؍اگست ( ایجنسیز) کانگریس کے سینئر قائد آنند شرما نے پارٹی کے شعبہ خارجی امور کی صدارت سے استعفیٰ دے دیا ہے ۔ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کو لکھے اپنے استعفیٰ خط میں انہوں نے کہا کہ مجھے یہ ذمہ داری سونپنے کیلئے پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، میں اس کی تشکیل نو کو آسان بنانے کیلئے اپنا استعفیٰ پیش کر رہا ہوں۔ وہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن رہیں گے۔ انہوں نے اس سے قبل ہند۔امریکہ جوہری معاہدے کے مذاکرات میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے جو نیوکلیئر سپلائرز گروپ میں ہندوستان کے لیے مخصوص چھوٹ کیلئے پیش کیا گیا تھا اور ہندوستان۔افریقہ شراکت داری کو ایک منظم انداز میں ادارہ جاتی بنانے اور پہلی ہندوستان۔افریقہ سربراہی اجلاس منعقد کرنے کا سہرا بھی ان کے سر جاتا ہے۔