آنکھوں کی روشنی پروگرام ایک کروڑ عوام کے آنکھوں کا معائنہ

   

29 لاکھ عوام میں مفت عینکیں تقسیم کی گئی ، وزیر صحت ہریش راؤ کا اظہار مسرت
حیدرآباد ۔ 6 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ حکومت کا منفرد پروگرام آنکھوں کی روشنی ( کنٹی ویلگو ) میں ایک کروڑ عوام کے آنکھوں کا معائنہ کیا گیا ہے ۔ جاریہ سال 18 جنوری کو اس پروگرام کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہوا تھا صرف 50 دنوں کے دوران ایک کروڑ آنکھوں کا ٹسٹ کیا گیا ہے ۔ وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ سدا سیو پیٹ میں آنکھوں کی روشنی پروگرام کا معائنہ کیا اور اس موقع پر غباروں کو آسمان میں چھوڑا ۔ کیک کٹ کرتے ہوئے عملہ کو مبارکباد دی ۔ بعد ازاں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک کروڑ آنکھوں کا معائنہ کرنے پر انہیں بے حد خوشی محسوس ہورہی ہے ۔ اس پروگرام کے تحت تاحال 29 لاکھ لوگوں میں عینکیں تقسیم کی گئی ہیں ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے عوام کے آنکھوں کے مسائل کا خاتمہ کرنے کے لیے اس پروگرام کا آغاز کیا ہے ۔ اس طرح کا منفرد پروگرام دنیا میں کہیں بھی نہیں ہے ۔ گاوں ، گاؤں ، بستی بستی ڈاکٹرس اور طبی عملہ کی ٹیموں کو روانہ کرتے ہوئے غریب عوام کے آنکھوں کی روشنی بحال کی جارہی ہے ۔ اس اسکیم کی اپوزیشن جماعتوں نے بھی ستائش کی ہے ۔ دہلی اور پنجاب کے چیف منسٹرس اروند کجریوال اور بھگونت سنگھ مان نے بھی اس کی ستائش کی ہے ۔ 1500 کنٹی ویلگو ٹیموں نے 50 دن میں ایک کروڑ عوام کے آنکھوں کا معائنہ کیا ہے ۔ جس میں 53 لاکھ خواتین اور 47 لاکھ مرد شامل ہیں تاحال 7 ہزار گاوں میں آنکھوں کی روشنی پروگرامس کا انعقاد کیا گیا ہے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ انہیں ڈاکٹرس کی ٹیم نے بتایا کہ 16.50 لاکھ افراد کو دور کی نظر کے مسائل تھے ۔ 12.50 لاکھ افراد کو عینکیں تقسیم کی گئی ہیں ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ طبی شعبہ میں تلنگانہ کی ترقی ناقابل فراموش ہے ۔ نیتی ایوگ نے بھی اس کی ستائش کی ہے ۔ ریاست بھر میں پلے دواخانے ، بلدیات میں بستی دواخانوں کا انتظام کیا گیا ہے ۔ عنقریب حاملہ خواتین میں نیوٹریشن کٹس تقسیم کئے جائیں گے ۔ ٹی ڈائیگناسٹک سنٹرس کے ذریعہ 57 طبی ٹسٹ مفت کرائے جارہے ہیں ۔ ریاست کو ایک ایمس ہاسپٹل مختص کرتے ہوئے مرکزی حکومت اس کی تشہیر کررہی ہے ۔ جب کہ تلنگانہ حکومت نے جاریہ سال ہی 9 میڈیکل کالجس قائم کیا ہے ۔۔ ن