آنگن واڑی سنٹرس کو معیاری غذا فراہم کی جائے : محمد فہیم

   

لاپرواہی کرنے والے عہدیداروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے فوڈ کارپوریشن صدر نشین کا انتباہ
حیدرآباد ۔ 21 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : صدر نشین تلنگانہ فوڈ کارپوریشن محمد فہیم نے آنگن واڑی سنٹرس کو مقررہ وقت پر معیاری غذا سربراہ نہ کرنے پر متعلقہ عہدیداروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیا ہے ۔ صدر نشین محمد فہیم نے کارپوریشن کے اعلیٰ عہدیداروں کا جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے مختلف امور کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر کارپوریشن نے منیجنگ ڈائرکٹر چندر شیکھر ریڈی کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے ۔ محمد فہیم نے عہدیداروں کو بتایا کہ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی آنگن واڑی سنٹرس پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں ۔ ریاست کے مختلف مقامات پر آنگن واڑی سنٹرس کا اچانک دورہ کرتے ہوئے وہاں کی صورتحال پر ماہانہ رپورٹ دینے کی ہدایت دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو تغذیہ بخش اور معیاری غذا فراہم کرنے کے معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔ حکومت آنگن واڑی سنٹرس پر خطیر رقم خرچ کررہی ہے ۔ عہدیداروں ، آنگن واڑی ٹیچرس اور ورکرس کی ذمہ داری ہے کہ وہ آنگن واڑی سنٹرس کو معیاری غذا کی سربراہی میں خصوصی دلچسپی کا مظاہرہ کریں ۔ آنگن واڑی سنٹرس میں صاف صفائی کا خیال رکھیں ۔ ذمہ داریوں سے غفلت اور لاپرواہی کرنے والے عہدیداروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیا ۔۔ 2