آنگن واڑی سنٹر کی چھت گرنے سے 5 طلبہ زخمی

   

نارائن کھیڑ میں واقعہ، زیر علاج طلبہ کی کلکٹر اور رکن اسمبلی نے عیادت کی
سنگا ریڈی 24 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سنگا ریڈی ضلع کے نارائن کھیڑ منڈل کے موضع وینکٹا پور کے آنگن واڑی اسکول میں پانچ طلبہ چھت گرنے سے زخمی ہو گئے۔ضلع کلکٹر وی کرانتی نے زخمی آنگن واڑی اسکول کے طلبہ کی عیادت کی۔کلکٹر نے آنگن واڑی سنٹر کی عمارت کی چھت کے گرنے سے زخمی ہونے والے آنگن واڑی طلبہ سے نارائن کھیڑ ایریا ہاسپٹل میں ملاقات کرتے ہوئے ہاسپٹل ڈاکٹرز سے ان کی صحت سے متعلق تفصیلات معلوم کی۔ نارائن کھیڑ منڈل کے وینکٹا پور موضع کے آنگن واڑی سنٹر کے زیر انتظام عمارت کی چھت گرنے سے آنگن واڑی سنٹر میں زیر تعلیم پانچ طلبہ زخمی ہوگئے، انہیں فوری طور پر نارائن کھیڑ ہاسپٹل منتقل کیا گیا اور بہتر علاج فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی۔ آنگن واڑی اسکول چھت کے اچانک گر جانے پر کلکٹر نے فوری طور پر اس واقعہ کی تحقیقات کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی اور کہا کہ جلد رپورٹ پیش کریں تاکہ ضروری کاروائی کی جاسکے۔کلکٹر کرانتی نے نارائن کھیڑ ایریا ہاسپٹل میں زیر علاج طلبہ کی عیادت کی۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو معمولی چوٹ آئی ہیں اور انہیں بہتر علاج فراہم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تین کو ڈسچارج کر دیا جارہا ہے اور دو طلبہ کو کل ڈسچارج کیا جائے گا۔ کلکٹر نے طلبہ کے والدین سے ملاقات کی اور انہیں بتایا کہ طلبہ کی صحت کی حالت بہتر ہے۔واقعہ کی تحقیقات کیلئے ہدایت دے چکے ہیں ۔کلکٹر نے کہا کہ تحقیقات اس معاملے میں کی جا رہی ہیں اور سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر چندر شیکھر، بی ڈبلیو وسنت کماری، آر ڈی او اشوک چکرورتی اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر سنجو ریڈی رکن اسمبلی نارائن کھیڑ بھی نارائن کھیڑ گورنمنٹ ہاسپٹل پہنچ کر طلبہ سے ملاقات کی، اور ڈاکٹروں سے بھی ملاقات کرتے ہوئے طلبہ کے علاج پر توجہ دینے کو کہا۔