کلکٹرس کی نگرانی میں تقررات، آروگیہ لکشمی اسکیم پر کونسل میں ستیہ وتی راٹھور کا بیان
حیدرآباد۔/5 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) وزیر بہبودی خواتین و اطفال ستیہ وتی راٹھور نے کہا کہ ریاست میں حاملہ خواتین اور بچوں کو تغذیہ بخش غذا کی فراہمی کیلئے آروگیہ لکشمی اسکیم پر عمل کیا جارہا ہے۔ قانون ساز کونسل میں وقفہ سوالات کے دوران ستیہ وتی راٹھور نے آروگیہ لکشمی اسکیم پر عمل آوری کی تفصیلات سے ایوان کو واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ آروگیہ لکشمی اسکیم ریاستی حکومت کی ایک اہم اسکیم ہے جس کے تحت خواتین بالخصوص حاملہ خواتین اور بچوں میں خون کی کمی کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں تغذیہ بخش غذا فراہم کی جاتی ہے۔ یکم جنوری 2015 کو اس پروگرام کا آغاز ہوا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ روزانہ خواتین اور بچوں کو 200 ایم ایل دودھ اور ایک انڈے کے علاوہ کھانا سربراہ کیا جاتا ہے۔ 7 ماہ سے 3 سال عمر کے بچوں کو ہر ماہ 16 انڈے، 3 سال سے 6 سال کے بچوں کو ماہانہ 30 انڈے آنگن واڑی سنٹرس کے ذریعہ سربراہ کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اسکیم کے تحت465805 حاملہ خواتین کا احاطہ کیا گیا۔ سات ماہ سے تین سال عمر کے 1043419 بچے، تین سال سے چھ سال عمر کے 674336 بچے استفادہ کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 2015 سے جاریہ سال اگسٹ تک اسکیم پر 1110 کروڑ 89 لاکھ روپئے خرچ کئے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ میں آنگن واڑی مراکز کو مستحکم کرتے ہوئے بنیادی سہولتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ آنگن واڑی ٹیچرس بہتر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ آنگن واڑی ٹیچرس کو ماہانہ 10500 اعزازیہ دیا جارہا ہے جس میں مرکزی حکومت کا حصہ 2700 روپئے جبکہ ریاستی حکومت 7800 روپئے ادا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنگن واڑی کے آیا کو مرکز کی جانب سے 1350 اور ریاستی حکومت 4650 روپئے ادا کررہی ہے۔ ستیہ وتی راٹھور نے کہا کہ پی آر سی پر عمل آوری کی صورت میں ٹیچرس کو 13 ہزار سے زائد اور آیاؤں کو 13 ہزار روپئے تک ماہانہ اعزازیہ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیچرس اور آیاؤں کا تقرر ضلع کلکٹرس کی نگرانی میں کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنگن واڑی کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے اعلامیہ جاری کیا گیا۔ر