حیدرآباد۔یکم ؍ اکٹوبر،(سیاست نیوز) تلنگانہ کے آنگن واڑی ٹیچرس کیلئے حکومت نے خوشخبری دی ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سرکاری ملازمین کے پے ریویژن کیلئے تشکیل دیئے جانے والے پی آر سی میں آنگن واڑی ٹیچرس کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر فینانس ہریش راؤ نے آنگن واڑی ٹیچرس، ہیلپرس جائنٹ ایکشن کمیٹی کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران یہ خوشخبری سنائی۔ جائنٹ ایکشن کمیٹی کے نمائندوں نے ہریش راؤ اور وزیر بہبودی خواتین و اطفال ستیہ وتی راتھوڑ کو مسائل سے واقف کرایا۔ ہریش راؤ نے بتایا کہ پی آر سی میں آنگن واڑی ٹیچرس کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت تقریباً 70 ہزار آنگن واڑی ورکرس کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے دیگر مطالبات پر ہمدردانہ غور کا تیقن دیا۔