آنگن واڑی ٹیچرس کی تنخواہوں میں اضافہ متوقع : ستیہ وتی راتھوڑ

   

حیدرآباد : ریاستی وزیر بہبودی خواتین و اطفال اور ٹرائبل ویلفیر ستیہ وتی راتھوڑ نے کہا کہ تلنگانہ حکومت آنگن واڑی ٹیچرس کی تنخواہوں میں دوسری مرتبہ اضافہ کرنے پر غور کررہی ہے۔ یہ کہتے ہوئے کہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی (ٹی آر ایس) حکومت نے ماضی میں ان کی تنخواہوں میں اضافہ کیا تھا، انہوں نے کہا کہ حکومت نے ان کے نام کو بھی بدل کر اسے آنگن واڑی ورکرس سے آنگن واڑی ٹیچرس کردیا ہے۔ جمعرات کو محبوب آباد میں آنگن واڑی ٹیچرس، فیلڈ اسسٹنٹس، آر سی او اور وی اے اوز کی ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے مسز راتھوڑ نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی قیادت میں ٹی آر ایس حکومت آنگن واڑی نظام کو مضبوط کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور ٹیچرس اور دیگر گریجویٹ ووٹرس پر زور دیا کہ ورنگل، کھمم، نلگنڈہ گریجویٹ حلقہ سے کونسل کیلئے ٹی آر ایس کے امیدوار پی راجیشور ریڈی کو ووٹ دیکر انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔