آن لائن اور یوپی آئی ادائیگیوں پر رہنمایانہ خطوط کی اجرائی

   

ادائیگی کیلئے وقت متعین، صرف پچاس مرتبہ کھاتہ کی جانچ کا موقع، نیشنل پے منٹ کارپوریشن آف انڈیا
حیدرآباد۔27جولائی (سیاست نیوز) آن لائن اورUPIکے ذریعہ کی جانے والی ادائیگیوں کے سلسلہ میں نیشنل پے منٹ کارپوریشن آف انڈیا نے نئے رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں جن پر یکم اگسٹ سے عمل آوری کو یقینی بنایا جائے گا۔نیشنل پے منٹ کارپوریشن آف انڈیا کی جانب سے جاری کئے جانے والے رہنمایانہ خطوط کے سلسلہ میں جو تفصیلات منظر عام پر آئی ہیں ان کے مطابق UPI کے ذریعہ کی جانے والی ادائیگیوں بالخصوص ماہانہ کھاتہ سے آٹومیٹک طور پر منہاء ہونے والی اقساط خواہ وہ کوئی قسط ہو یا کریڈیٹ کارڈ کی یا کوئی بل کی ادائیگی ہو ان تمام کے لئے ایک وقت معین ہوگا اور اسی وقت پر یہ اقساط یا ادائیگیاں منہاء ہوں گی۔ ان نئے رہنمایانہ خطوط کے مطابق ان رہنمایانہ خطوط کا اطلاق صرف UPI پر نہیں بلکہ تمام بینکوں پر ہوگااور انہیں ان نئے رہنمایانہ خطوط کے مطابق ہی اقساط اور ادائیگی وصول اور جاری کرنی ہوں گی علاوہ ازیں UPI کھاتے جیسے GPay ‘ Phone Pay‘ Paytmیا Bharatpe کسی بھی کھاتہ پر صارفین یومیہ محض 50 مرتبہ اپنے کھاتہ میں موجود بقایا جات اور رقومات کا مشاہدہ کرپائیں گے کیونکہ عام طور پر تجارتی طبقہ کی جانب سے آن لائن وصول کی جانے والی ادائیگیوں کی بار بار تصدیق کے لئے کھاتہ میں موجود رقم کا ہر ادائیگی کے بعد مشاہدہ کرتے ہوئے توثیق کی جاتی ہے جس کے نتیجہ میں بینک اور کھاتوں کی کارکردگی متاثر ہونے لگی ہے اسی لئے نیشنل پے منٹ کارپوریشن آف انڈیا نے اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ UPI صارفین کو یومیہ 50 مرتبہ کھاتہ میں موجود رقومات کے مشاہدہ کی سہولت فراہم کی جائے ۔بتایاجاتا ہے کہ ان رہنمایانہ خطوط کے سلسلہ میں تمام بینکوں کو واقف کروایا جاچکا ہے ۔ ماہانہ بلوں کی ادائیگی یا آن لائن پلیٹ فارمس پر موبائیل بل یا ٹی وی کے سبسکریپشن یا OTT پلیٹ فارمس کے سبسکرپشن پر ان نئے رہنمایانہ خطوط کا اطلاق نہیں ہوگا بلکہ ان کی رقومات اپنی مدت پوری ہونے کے بعد ہی کھاتوں سے منہاء کی جائیں گی لیکن اقساط کے معاملہ میں تمام بینکوں کے کھاتوں میں یکسانیت اور اقساط کے منہاء ہونے کے وقت کو بھی ایک بنانے کے اقدامات کئے جاچکے ہیں تاکہ صارفین کو اس بات کا علم رہے کہ جب ان کے بینک کھاتہ سے آٹومیٹک پے منٹ منہاء ہوگا وہ کتنے بجے ہوگا اور صارف کو اپنے بینک کھاتہ میں کس وقت درکار رقم رکھنی ضروری ہے تاکہ انہیں کسی بھی طرح کا جرمانہ ادا نہ کرنا پڑے۔3