ممبئی:/30 ستمبر (ایجنسیز) بالی ووڈ اداکارہ اروشی روتیلا آن لائن بیٹنگ اور گیمنگ پلیٹ فارم 1xBet سے جڑے منی لانڈرنگ کیس میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے دفتر پہنچیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ ای ڈی ان سے پوچھ گچھ کر رہی ہے تاکہ اشتہارات اور پرچار میں ان کے کردار کی وضاحت ہو سکے۔رپورٹس کے مطابق، آن لائن بیٹنگ ایپ 1xBet پر تقریباً 22 کروڑ بھارتی صارفین موجود ہیں۔ مرکزی حکومت نے حال ہی میں آن لائن گیمنگ پر پابندی عائد کی ہے۔ اروشی روتیلا اس پلیٹ فارم کی برانڈ ایمبیسڈر رہی ہیں اور انہوں نے اس کا اشتہاری ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیا تھا۔ اسی بنیاد پر انہیں تفتیش کے لیے طلب کیا گیا۔ای ڈی کی تحقیقات میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ کئی آن لائن بیٹنگ پلیٹ فارمز غیر قانونی طریقوں سے ہندوستان میں کاروبار چلا رہے ہیں۔ ان میں سب سے نمایاں نام “1xBet’’ کا ہے، جس کی تشہیر میں کئی فلمی اور کھیلوں سے جڑی مشہور شخصیات شامل رہی ہیں۔ذرائع کے مطابق، ای ڈی اس بات کا جائزہ لے رہی ہے کہ اداکاروں اور دیگر شخصیات نے اس اشتہاری معاوضے کا استعمال کہاں اور کس طرح کیا۔