آن لائن دھوکہ دہی ، جھارکھنڈ سے دو دھوکہ باز گرفتار و حیدرآباد منتقل

   

حیدرآباد : سنٹرل کرائم اسٹیشن (سی سی ایس) کی سائبر کرائم پولیس نے آن لائین دو دھوکہ بازوں کو جھارکھنڈ سے گرفتار کر کے انہیں شہر منتقل کیا۔ تفصیلات کے مطابق منوج کمار منڈل اور اس کے ساتھی محمد کلام خان متوطن ضلع دھن باد جھارکھنڈ آن لائین دھوکہ بازوں کو اپنا بینک اکاؤنٹ استعمال کرنے کی اجازت دیتے ہوئے ان سے کمیشن وصول کیا کرتے تھے ۔ پولیس نے بتایا کہ چکڑ پلی سے تعلق رکھنے والی خاتون نے آن لائین دھوکہ بازوں کا نشانہ بننے کے بعد اسے اس بات کا پتہ چلا کہ آن لائین دھوکہ بازوں نے تلبیس شخصی کے ذریعہ پانچ لاکھ روپئے کا قرض حاصل کرلیا اور ایکسس بینک کے کھاتوں میں منتقل کروایا ۔ حیدرآباد کی سائبر کرائم پولیس نے جھارکھنڈ پہنچ کر منوج کماراور محمد کلام خان کو گرفتار کرتے ہوئے انہیں حیدرآباد منتقل کیا اور بعد ازاں انہیں نامپلی کورٹ پیش کرتے ہوئے جیل منتقل کیا۔