آن لائن دھوکہ دہی ، دو افراد گرفتار

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد ۔ /15 جولائی (سیاست نیوز) شہر کی سائبر کرائم پولیس نے آن لائن دھوکہ بازی میں ملوث دو دھوکے بازوں کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ اسٹیٹ کوآپریٹیو بینک ترپ بازار برانچ کے ڈپٹی جنرل منیجر نے سی سی ایس پولیس سے شکایت درج کرواتے ہوئے کہا کہ 9 تا 13 جولائی آئی ایم پی ایس رقم منتقلی سہولت کے ذریعہ بعض مشتبہ رقومات کی منتقلی ہوئی ہے ۔ شکایت میں یہ بتایا گیا ہے کہ ایک کروڑ 96 لاکھ 88 ہزار روپئے کا مشتبہ رقم ہونے پر ایک مقدمہ درج کیا گیا تھا ۔ تحقیقات کے دوران پولیس نے آن لائن دھوکہ بازی میں ملوث دو دھوکہ باز یسین باشاہ اور محمد رفیع ساکن چندا نگر کو گرفتار کرلیا ہے ۔ پولیس نے کہا کہ مذکورہ گرفتار ملزمین نے ایک افریقی باشندے کی جانب سے بینک کھاتا کھولنے کیلئے رجوع ہونے پر 10 فیصد کمیشن حاصل کرتے ہوئے بینک کھاتا کھولا اور بعد ازاں بینک سے آن لائن دھوکہ بازی کرتے ہوئے ایک کروڑ 96 لاکھ کی رقم کی غیرقانونی منتقلی ہوئی ۔ پولیس نے کہا کہ گرفتار ملزمین کے بینک کھاتوں سے دیگر 10 بینک کھاتوں کو رقم منتقل کی گئی تھی جو غیرقانونی ہے ۔ پولیس نے عوام کو یہ مشورہ دیا ہے کہ کوئی بھی شخص اپنا بینک کھاتے کو استعمال کرنے کیلئے کسی اجنبی شخص کو اجازت نہ دیں ۔