آن لائن دھوکہ دہی میں اضافہ ۔ عوام کو محتاط رہنے کا مشورہ

   


حیدرآباد۔ انعامات، لکی ڈرا اور تحائف کے نام پر آن لائن دھوکہ دہی کے واقعات میں ان دنوں اضافہ ہوگیا ہے۔ سوشیل میڈیا کے ذریعہ عوام کو انعامات کا لالچ دے کر لوٹنے کے تازہ واقعات ان دنوں سائبرآباد میں منظر عام پر آئے۔ متعدد شکایات کے بعد سائبرآباد پولیس کے سائبر کرائم شعبہ نے عوام کیلئے چوکسی اور احتیاطی تدابیرکا مشورہ دیتے ہوئے چند رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں۔ آن لائن دھوکہ دہی کو روکنے میں پولیس کو کافی مشکلات پیش آرہی ہیں اور اس کی روک تھام کا واحد حل احتیاط ہی بتایا جاتا ہے۔ ان دنوں سوشیل میڈیا پر اسپننگ وھیل ، چکر گھماؤ اور قسمت آزماؤکے نام پر عوام کو دھوکہ دہی کا شکار بنایا جارہا ہے۔ سائبرآباد پولیس نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ کسی بھی اجنبی شخص کی بات پر بھروسہ نہ کریں۔ اسپننگ وھیل میں انعام جیتنے کے بعد اسے حاصل کرنے کیلئے لنک پر کلک کرنا ہوتا ہے جس کے ذریعہ ہر ایک کی تمام تفصیلات کو دھوکہ باز حاصل کرلیتے ہیں چونکہ پہلے ہی سے سافٹ ویر میں ایسے اپلکیشنس موجود رہتے ہیں۔ پولیس نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ انعامات کی کسی بھی باتوں پر یقین نہ کریں جو محض دھوکہ ہوتا ہے اور بغیر جانچ اور تحقیق کے کسی بھی لنک یا سائیٹ پر کسی بھی مشورہ اور سوغات سے راغب نہ ہوں اور خاص کر سوشیل میڈیا پر گشت کررہے لنکس ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت عوام کو لوٹنے کیلئے وائرل کئے گئے ہیں۔ پولیس نے عوام سے خواہش کی ہے کہ وہ چوکس رہیں۔