تین افراد بشمول اصل سرغنہ گرفتار ، حیات نگر پولیس کی کارروائی
حیدرآباد : آن لائین رمی کھیل کی عادت کے سبب کمپنی کو دھوکہ دینے والے ایک شخص اور اس کے دو ساتھیوں کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ کمپنی کی لاکھوں روپئے رقم کو ہڑپنے کی کوششوں کو ناکام بناتے ہوئے حیات نگر پولیس نے 25 سالہ این نوین ریڈی ساکن پدا عنبرپیٹ 36 سالہ کے امیت ریڈی ساکن تلک نگر اور 45 سالہ راما کرشنا ساکن تلک نگر کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 28 لاکھ 69,800 روپئے نقد رقم اور تین سیل فون کو ضبط کرلیا ۔ جے بی اتھرا رئیل اسٹیٹ کمپنی کے ایچ آر منیجر کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس حیات نگر نے پدا عنبر پیٹ کے علاقہ سے ان تینوں کو گرفتار کرلیا ۔ نوین ریڈی جو کمپنی میں ملازم تھا اسسٹنٹ منیجر کی خدمات انجام دے رہا تھا جو پہلے بینک میں ملازمت انجام دے چکا تھا ۔ بینک نے اس کے رویہ سے ناراض ہوکر ملازمت سے نکال دیا تھا جو آن لائین رمی گیم کا عادی ہے ۔ اس نے اس جوے کے کھیل میں لاکھوں روپئے گنوائے تھے ۔ جون 2020 ء میں اس نے جے بی اتھرا میں ملازمت اختیار کی تھی اور کمپنی کی رقم کی اس کو ذمہ داری منیجر نے دی تھی ۔ /23 مارچ کو ممیز نے نوین ریڈی کو 50 لاکھ 57,690/- رقم اپنے پاس محفوظ رکھنے کیلئے دی تھی اس نے اس رقم کو حاصل کرلیا اور فرار اختیار کرلی ۔ اس بڑی رقم کو حاصل کرنے کے بعد اس نے کمپنی سے رابطہ ختم کردیا اور 12 لاکھ 22,700 روپئے رقم کو آن لائین رمی اور کیسینو میں ہارگیا جس کے بعد اپنے ایک رشتہ دار کے ساتھ ملکر باقی رقم کا صفایہ کرنے کی کوشش میں تھا کہ حیات نگر پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا ۔