ناسک فورس پولیس کی کارروائی، اڈیشنل ڈی سی پی اقبال صدیقی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔ 19 ستمبر (سیاست نیوز) شہر میں چلائے جارہے آن لائن سٹہ ریاکٹ کو ٹاسک فورس پولیس نے بے نقاب کردیا اور 7 افراد بشمول ایک بکی کو گرفتار کرلیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس ٹاسک فورس جناب اقبال صدیقی کے مطابق 39 سالہ گریش اگروال ساکن گھانسی بازار جوبکی بتایا گیا ہے کے علاوہ 5 ایجنٹس 36 سالہ منند ریال سنگھ ساکن پیٹلہ برج، 35 سالہ پون کمار شرما ساکن راجستھان، 24 سالہ کشن شرما ساکن راجستھان، 27 سالہ موہت اگروال ساکن شاہ علی بنڈہ، 32 سالہ راہول اگروال ساکن موسی باؤلی اور 33 سالہ سریش سونی ساکن پراناپل کو گرفتار کرلیا۔ ٹاسک فورس ویسٹ زون ٹیم نے ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کو انجام دیا۔ سریش سونی جو آن لائن سٹہ کا عادی تھا، اس نے گریش اگروال سے پوائنٹس کی خریداری کی جو سٹہ چلانے والا بکی بتایا گیا ہے۔ پولیس نے اس اطلاع کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے گریش اگروال کے مکان پر دھاوا کیا اور گریش کے ساتھ اس کے 5 ایجنٹس کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔ گریش اگروال نے بتایا کہ وہ ایجنٹس کے ذریعہ بینک اکاؤنٹس تیار کروایا کرتا تھا اور انہیں تین ہزار روپے فی بینک اکاؤنٹ رقم دیا کرتا تھا تاکہ سٹہ کی رقم کو ان بینک اکاؤنٹس میں منتقل کیا جاسکے اور اس بینک اکاؤنٹس کے ذریعہ وہ آن لائن سٹہ چلایا کرتا تھا۔ پولیس نے مختلف سائٹس کے ذریعہ 23,51,505 پوائنٹس کو ضبط کیا ایک پوائنٹ ایک روپے مالیت کا بتایا گیا ہے۔