حیدرآباد۔ سنٹرل کرائم اسٹیشن ( سی سی ایس ) کی سائبر کرائم پولیس آن لائن قرض فراہم کرنے والے موبائیل اپلیکیشنس کے خلاف ہنوز کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے اور تازہ ترین کارروائی میں کرناٹک کے شہر کے بنگلور میں دھاوے کرتے ہوئے مزید 3 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ جوائنٹ کمشنر آف پولیس سی سی ایس مسٹر اویناش موہنتی نے کہا کہ 21 ڈسمبر کو حیدرآباد اور گرگاوں میں آن لائن قرض فراہم کرنے والے کال سنٹرس کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کی گئی تھی اور اس سلسلہ میں 11 افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ انسٹنٹ لون کے سلسلہ میں سائبر کرائم پولیس نے اب تک 27 مقدمات درج کئے ہیں اور 42 موبائیل ایپس کی نشاندہی کی گئی ہے۔ مسٹر موہنتی نے کہا کہ آن لائن قرض فراہم کرنے کے سلسلہ میں 350 بینک اور ورچول کھاتوں کی نشاندہی کی گئی ہے اور 87 کروڑ روپئے منجمد کردیئے گئے۔ انہوں نے کہاکہ تازہ ترین کارروائی میں سائبر کرائم پولیس نے کے ایشور اور مدھو سدن راؤ اور ستیش کمار کو ایچ ایس آر لے آوٹ بنگلور سے گرفتار کیا گیا ہے۔ جوائنٹ کمشنر نے کہا کہ تلنگانہ کے علاقہ جگتیال اور راجندر نگر علاقوں میں آن لائن قرض فراہم کرنے والے ٹیلی کالرس کی ہراسانی اور ان کی ذہنی اذیتوں کے نتیجہ میں دو افراد نے خودکشی کی ہے۔ مسٹر موہنتی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ گوگل پلے اسٹور میں انسٹنٹ لون فراہم کرنے والے کئی موبائیل ایپس موجود ہیں اور عوام ان کا شکار نہ بنیں۔