آن لائن قرض کیس ۔ بنگلور میں خاتون گرفتار

   


حیدرآباد۔ سنٹرل کرائم اسٹیشن ( سی سی ایس ) کی سائبر کرائم پولیس نے آن لائن قرض (انسٹنٹ لون ) فراہم کرنے کے کیس کی تحقیقات میں مزید پیشرفت کرتے ہوئے بنگلور میں ایک خاتون کو حراست میں لیا ہے جس کا اس دھوکہ دہی کے معاملہ میں اہم رول بتایا جاتا ہے۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ سائبر کرائم کی ایک ٹیم نے کیرتی نامی خاتون کو حراست میں لے لیا ہے جو آن لائن قرض فراہم کرنے والے موبائیل اپلیکشن کا کال سنٹر چلاتی تھی۔ باوثوق ذرائع نے مزید بتایا کہ کیرتی نے انسٹنٹ لون کیلئے قائم کئے گئے کال سنٹرس میں ٹیلی کالرس کو ملازمت پر رکھتے ہوئے ان کے ذریعہ عوام کو ذہنی اذیتیں دی جارہی تھیں۔ سائبر کرائم پولیس نے گرفتار خاتون کو حیدرآباد منتقل کیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔ واضح رہے کہ سائبر کرائم پولیس نے اب تک انسٹنٹ لون کے کیس میں 17 افراد بشمول چینی باشندوں کو گرفتار کیا ہے اور اس قرض کے ریاکٹ کے 21,000 کروڑ کی معاملت بتائی جاتی ہے۔