آن لائن کانفرنس کے لئے درخت پر چڑھنا ضروری

   

بین الاقوامی مقابلوں اور آئی پی ایل میں امپائرنگ کرنے والے انیل چودھری پریشان
نئی دہلی۔11اپریل (سیاست ڈاٹ کام)کورونا وائرس کے بڑھتے اثر اور ملک بھر میں 21 دن کے لاک ڈاؤن کی وجہ سے ایک طرف کرکٹ کی تمام سرگرمیاں ٹھپ پڑی ہوئی ہیں تو دوسری طرف بین الاقوامی امپائر انل چودھری کو عجیب و غریب حالات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انل چودھری دہلی اینڈ ڈسٹرکٹ کرکٹ اسوسی ایشن (ڈی ڈی سی اے) سے وابستہ ہیں اور دہلی میں رہتے ہیں۔وہ ہندوستان کے بین الاقوامی امپائروں میں سے ایک ہیں۔ چودھری نے ہندوستان کے بین الاقوامی میچوں اور آئی پی ایل میچوں میں امپائرنگ کی ہے۔ فی الحال کورونا کی وجہ سے ہرطرح کی کرکٹ ٹھپ ہے اور آئی پی ایل بھی 15 اپریل تک ملتوی ہے اور اس کے شروع ہونے کے کوئی آثار نظر نہیں آ رہے ہیں۔چودھری اترپردیش کے شاملی میں واقع کاندھلہ کے گاؤں ڈاگرول کے رہائشی ہیں۔ وہ تقریبا 20 دن پہلے اپنے گاؤں آئے تھے اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے اپنے گاؤں میں ہی پھنس گئے ہیں۔ ان کے گاؤں میں موبائل نیٹ ورک کا شدید مسئلہ ہے ، جس سے انہیں کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ گاؤں میں نیٹ ورک ٹھیک سے نہیں آتا ہے ، جس سے انٹرنیٹ نہیں رہتا ہے۔ اس کی وجہ سے وہ بین الاقوامی امپائروں کی ویڈیو کانفرنس میں شرکت نہیں کرپاتے ہیں۔ویڈیو کانفرنس کے لئے نیٹ ورک حاصل کرنے کے لئے چودھری کو کھیتوں میں جانا پڑتا ہے اور نیٹ ورک سے مربوط ہونے کے لئے درخت پر بھی چڑھنا پڑتا ہے۔ درخت پر چڑھنے سے کچھ بات تو ہو جاتی ہے لیکن انٹرنیٹ کی رفتار کافی کم رہتی ہے۔ چودھری نے سوشل میڈیا پر اپنی ایک تصویر شائع کی جس میں وہ کھیت میں درختوں پر چڑھکر موبائل سے بات کرتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔