آن لائن کرکٹ بیٹنگ کا ریاکٹ بے نقاب

   

چار افراد گرفتار، اسپیشل آپریشن ٹیم ایل بی نگر زون کی کارروائی
حیدرآباد /8 مئی ( سیاست نیوز ) اسپیشل آپریشن ٹیم ایل بی نگر زون پولیس نے چیتنیہ پوری پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی میں آن لائن کرکٹ بیٹنگ ریاکٹ کا پردہ فاش کردیا اور 4 افراد کو گرفتار کرلیا ۔ جو ایک مکان میں سٹہ کی کارروائی چلا رہے تھے ۔ پولیس نے کارروائی میں 30 سالہ رمیش چند چودھری ساکن ایل بی نگر، 45 سالہ ای جگدیش ساکن کتہ پیٹ، 23 سالہ پی پون کمار ساکن ایس بی آئی کالونی اور 36 سالہ سریش چودھری ساکن ساتا واہنا نگر ایل بی نگر کو گرفتار کرلیا ۔ جبکہ محمد عاصم ساکن ایل بی نگر سائی پرساد ساکن بادر مل گوڑہ اور شیوا نارائنا ساکن ناگول مفرور بتائے گئے ہیں۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے ایک لاکھ 80 ہزار روپئے نقد رقم، 4 موبائل فون اور بنک اکاونٹس میں موجود 12,50,967 روپئے رقم کو منجمد کردیا ۔ پولیس نے بتایا کہ گرفتار افراد مختلف ویب سائیٹ کے ذریعہ آن لائن کرکٹ پر سٹہ چلا رہے تھے ۔ ع
برقی شاک سے ایک شخص ہلاک
حیدرآباد /8 مئی ( سیاست نیوز ) عبداللہ پور میٹ علاقہ میں ایک شخص برقی شاک کی زد میں آکر فوت ہوگیا ۔ پولیس کے مطابق 36 سالہ محمد پرویز جو عبداللہ پور علاقہ کے ساکن عزیز میاں کا بیٹا تھا ۔ پرویز قومی شاہراہ نمبر 65 پر پنکچر کی دوکان چلاتا تھا ۔ کل شام دوکان بند کرنے کے دوران برقی شاک کی زد میں آکر پرویز شدید متاثر ہوگیا اور جانبر نہ ہوسکا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع