آن لائن کرکٹ سٹہ بازی کا ریاکٹ بے نقاب

   

Ferty9 Clinic

تقریباً 24لاکھ روپئے مالیتی اشیاء اور نقد رقم ضبط ، 5 افراد گرفتار، اصل سرغنہ فرار
حیدرآباد۔ سائبر آباد پولیس نے ایک آن لائن کرکٹ بیٹنگ ریاکٹ کو بے نقاب کردیا جو پاکستان سوپر لیگ کے میچس پر سٹہ چلارہے تھے۔ اسپیشل آپریشن ٹیم مادھا پور زون نے ایک خفیہ کارروائی کرتے ہوئے پوانی ریسیڈینسی بھنڈری لے آوٹ نظام پیٹ میں دھاوا کیا اور 5 افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 23 لاکھ 80ہزار روپئے مالیتی اشیاء اور نقد رقم کو ضبط کرلیا۔ گرفتار 15 افراد کا تعلق ریاست آندھرا پردیش کے ضلع مغربی گوداوری سے بتایا گیا ہے جبکہ پولیس کی اس بڑی کارروائی میں اصل سرغنہ مفرور بتایا گیا ہے۔ ایس او ٹی نے کارروائی میں 32 سالہ پون کمار، 41 سالہ یو راجو ستیش راجو ساکن بھیماورم مغربی گوداوری، 29 سالہ سی ایچ ترنیت ساکن مچھلی پٹنم، 31 سالہ این بھاسکر ساکن نوزوپوڈو، 25 سالہ جے پرساد مغربی گوداوری کو گرفتار کرلیا۔ اس آن لائن کرکٹ سٹہ باز ٹولی کے اصل سرغنہ سومنا کو پولیس تلاش کررہی ہے جو مختلف موبائیل اپلکیشن کے ذریعہ کرکٹ پر سٹہ چلارہے تھے اور اس مرتبہ اس ٹولی نے پاکستان سوپر لیگ کرکٹ ٹورنمنٹ کا استعمال کیا۔ پولیس نے اس ٹولی کو عین اس وقت گرفتار کرلیا جب یہ رقمی تبادلہ انجام دینے کی کوشش کررہے تھے۔ گرفتار تمام ملزمین بکیز بتائے گئے ہیں اور مفرور ملزم اصل سرغنہ ہے جو آن لائن سٹہ بازی کا ایک جال تیار کرچکا ہے۔ باجو پلی پولیس حدود کے نظام پیٹ علاقہ میں کی گئی اس کارروائی میں پولیس نے 20 لاکھ 50 ہزار روپئے نقد رقم، لیاپ ٹاپ، 33 موبائیل فون و دیگر اشیاء کو ضبط کرلیا۔ پولیس کمشنر وی سی سجنار نے نوجوان نسل سے کرکٹ پر سٹہ میں حصہ نہ لینے کی درخواست کی اور والدین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے بچوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھیں چونکہ کرکٹ پر سٹہ چلانے والے دھوکہ باز زائد رقم کا لالچ دے کر نوجوان نسل کو جوے کی لعنت کا شکار بناکر ان کی رقم ہڑپ رہے ہیں جبکہ ایسے کئی واقعات پائے جاتے ہیں جن میں جیتنے والوں کو رقم حاصل نہیں ہوئی۔ سائبرآباد پولیس نے اس ریاکٹ کے بے نقاب ہونے کے بعد مزید چوکسی اختیار کرلی ہے۔