آن لائن کلاسیس سے متعلق ریاستی حکومت سے اجازت کا امکان

   

سکریٹری مرکزی وزارت فروغ انسانی وسائل کا ریاستی چیف سکریٹریز کو مکتوب
حیدرآباد۔ ریاست میں آن لائن کلاسس کو جاری رکھنے کے سلسلہ میں ریاستی حکومت کی جانب سے احکامات کی اجرائی عمل میں لائی جائے تاکہ طلبہ کو تعلیم سے جوڑے رکھنے کے اقدامات ممکن ہوسکیں۔ سیکریٹری مرکزی وزارت فروغ انسانی وسائل مسز انیتا کنول نے تمام ریاستوں کے چیف سیکریٹریز کو روانہ کردہ مکتوب میں یہ ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاؤن کے خاتمہ کے دوسرے مرحلہ میں مرکزی حکومت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر مؤثر عمل آوری کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جانے چاہئے اور دوسرے مرحلہ میں جو ہدایات جاری کی گئی ہیں ان میں تمام تعلیمی ادارۂ جات کو آن لائن کلاسس کا سلسلہ جاری رکھنے کی اجازت فراہم کی گئی ہیں۔ انہو ںنے مکتوب میں اس بات کی وضاحت کی کہ مرکزی حکومت کی ہدایات پر عمل کرنا ملک کی تمام ریاستوں کے لئے لازمی ہے۔ ہدایات میں یہ واضح کیا گیا ہے کہ وہ اپنے عملہ کو کسی بھی صورت میں اسکول طلب نہ کریں اور انہیں گھر سے کام کرنے کی رعایت فراہم کی جائے۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ اساتذہ کی خدمات لازمی خدمات کا حصہ ہیں اسی لئے انہیں گھر سے کام کرنے کی ضرورت ہے لیکن کوئی بھی انتظامیہ انہیں اسکول پہنچ کر کام کرنے کیلئے مجبور نہیں کرسکتا۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے مرکزی وزارت فروغ انسانی وسائل کی جانب سے موصول ہونے والے اس مکتوب میں دیئے گئے رہنمایانہ خطوط کے مطابق جلد ہی احکام کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ ریاست میں جاری آن لائن کلاسس کے مسئلہ کو حل کرنے کے علاوہ اسکولوں میں خدمات انجام دینے والے عملہ کے لئے بھی رہنمایانہ خطوط جاری کئے جائیں۔