سرپرستوں پر فیس کیلئے دباؤ بنانے کی مذمت
حیدرآباد۔ سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر نارائنا نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ خانگی اسکولوں میں آن لائن کلاسیس پر پابندی عائد کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے آن کلاسیس کے بارے میں کسی فیصلہ سے قبل ہی خانگی اور کارپوریٹ اسکولوں نے آن لائن کلاسیس کا آغاز کردیا۔ آن لائن کلاسیس کیلئے انٹرنیٹ اور مختلف آلات کی ضرورت پڑتی ہے۔ غریب و متوسط طبقات ان اشیاء کے متحمل نہیں ہوسکتے لہذا سماج میں عدم مساوات کا ماحول پیدا ہوگا اور صرف دولت مند افراد کے بچے ہی آن لائن کلاسیس میں شرکت کرپائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریٹ اور خانگی اسکولوں نے فیس حاصل کرنے کیلئے آن لائن کلاسیس کا آغاز کیا ہے۔ سرپرستوں سے تعلیمی فیس کے علاوہ ٹرانسپورٹ فیس جمع کرنے کیلئے اصرار کیا جارہا ہے۔ عوام لاک ڈاؤن سے پہلے ہی پریشان ہیں اور معاشی مسائل میں مبتلاء عوام پر تعلیمی فیس کا بوجھ عائد کرنا مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ تعلیمی اداروں کی سرگرمیوں پر پابندی عائد کرتے ہوئے آن لائن کلاسیس سے عوام کو نجات دلائے۔ ڈاکٹر نارائنا نے کورونا کے بڑھتے واقعات کے پس منظر میں ٹسٹوں کی تعداد میں اضافہ اور سرکاری ہاسپٹلس میں طبی سہولتوں کو بہتر بنانے کا مطالبہ کیا۔