آن لائن کلاس کے دوران طلبا پر گہری نظر رکھنا از حد لازمی

   

انٹرنیٹ کے ساتھ اسمارٹ فون کا استعمال مضر بھی ہوسکتا ہے ۔ٹی وی سے نصاب کی تکمیل پر حکام کا غور
حیدرآباد آن لائن کلاس اور اسمارٹ فون کے استعمال کے دوران طلباپر نظر رکھنا ناگزیر ہے کیونکہ انٹرنیٹ کے ساتھ فون کا استعمال طلباء کو غلط راہ پر لے جانے کا سبب بن سکتا ہے ۔ طلباء کو تنہاء فون کے استعمال کی اجازت کے بجائے بزرگوں کی سرپرستی میں آن لائن کلاس کی اجازت دی جائے اور کلاس کے بعد فون واپس لئے جائیں کیونکہ اگر طلباء انٹرنیٹ ڈاٹا کا غلط استعمال شروع کردیں گے تو انہیں روکنا مشکل ہوتا چلا جائے گا اور ان کی صحت متاثر ہونا شروع ہوجائیگی ۔ ماہرین نفسیات کا کہنا ہے کہ تنہائی میں انٹرنیٹ کے استعمال کی عادت اور اسمارٹ فون کے ذریعہ آن لائن کلاسس طلبا کیلئے مضر ثابت ہوسکتے ہیں ۔ کورونا وباء کے سبب مختصر مدت کیلئے آن لائن تعلیم کے رجحان کو فروغ دیا جا رہاہے لیکن ایسا محسوس ہونے لگا ہے کہ طلباء اس کے عادی ہوتے جا رہے ہیں اور انہیں آن لائن کلاسس میں دلچسپی پیدا ہونے لگی ہے۔ اساتذہ بھی طلبا کے سرپرستوں سے رابطہ کرکے انہیں تاکید کر رہے ہیں کہ وہ آن لائن کلاس کے ساتھ ہی بچوں سے فون واپس لیں کیونکہ انٹرنیٹ کے استعمال کے دوران غیر اخلاقی و ناشائستہ مواد تک رسائی آسان ہوجاتی ہے جس سے طلبا میں اخلاقی گراوٹ آسکتی ہے ۔ اولیائے طلبا کو آن لائن کلاسس کے دوران بچوں کی نگرانی کے ساتھ ان کی سرگرمیو ںپر نظر رکھنی چاہئے ۔ شہر کے کئی اسکول انتظامیہ کی جانب سے آن لائن کلاسس کے ساتھ آف لائن مواد روانہ کرکے طلبا کو کم سے کم آن لائن رکھنے کی حکمت عملی کی تیاری کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے اور کہا جا رہاہے کہ حکومت کی جانب سے جس طرح سے ٹیلی ویژن چیانل کے ذریعہ نصاب پڑھایا جا رہا ہے اسی طرز پر کوئی منصوبہ تیار کیا جائے تاکہ آن لائن ڈاٹا اور انٹرنیٹ سے بچوں کو دور کرنے میں کامیابی حاصل ہو۔