آن لائن گرفتاری کے نام پر خاتون سے سوا کروڑ روپے کی دھوکہ دہی

   

Ferty9 Clinic

الور، 24 دسمبر (یو این آئی) راجستھان کے الور شہر میں ایک خاتون کو ڈیجیٹل گرفتاری کا جھانسہ دے کر تقریباً ایک کروڑ پچیس لاکھ روپے کی دھوکہ دہی کا معاملہ سامنے آیا ہے ۔ سائبر تھانے کے انچارج راج کمار مینا نے چہارشنبہ کے روز بتایا کہ الور کی رہائشی ریٹا نے سائبر تھانے میں شکایت درج کرائی ہے کہ 15 دسمبر کو ان کے موبائل فون پر ایک کال موصول ہوئی۔ فون کرنے والے شخص نے اپنا تعارف پولیس پبلک ریلیشن افسر ظاہر کیا اور اپنا نام سندیپ بتایا۔ جعلساز نے خاتون کو بتایا کہ ان کے نام سے رجسٹرڈ موبائل نمبر سے دیگر افراد کو دھمکی آمیز کالیں کی جا رہی ہیں۔ اس نے خاتون کو کہیں بھی باہر نہ نکلنے کی سخت ہدایت دی اور واٹس ایپ کے ذریعے ان کے خلاف گرفتاری کا وارنٹ بھی بھیج دیا، جس سے خاتون شدید خوف زدہ ہوگئیں۔بعد ازاں خاتون کو مختلف حربوں سے خوف زدہ کر کے 16 سے 21 دسمبر کے دوران تقریباً سوا کروڑ روپے کی رقم ہتھیالی گئی۔ واقعے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مختلف بینک کھاتوں میں منتقل کی گئی رقم میں سے 55 لاکھ روپئے رکوا لیے ، جبکہ ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ جعلسازی کی رقم اوڈیشہ کے بھونیشور میں واقع متعدد کمپنیوں کے ایکسس بینک کے کھاتوں میں منتقل کی گئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ ملزموں کے آن لائن ٹھکانوں کی نشاندہی ہو چکی ہے اور انہیں جلد ہی گرفتار کر لیا جائے گا۔