تلنگانہ اسٹیٹ میٹ کارپوریشن اور محکمہ سمکیات کے اقدامات
حیدرآباد۔24 ستمبر(سیاست نیوز) حکومت آن لائن گوشت اور مچھلی کی فروخت کے اقدامات کرے گی۔ تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے کم قیمت پر مچھلی اور گوشت کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے علاوہ آن لائن گوشت اور مچھلی کی فروخت کے اقدامات کا جائزہ لیا جا رہاہے اور حکومت کی جانب سے جلد ہی ایپ کے ذریعہ گوشت اور مچھلی کی فروخت کا آغاز کیا جائے گا۔ تشکیل تلنگانہ کے بعد حکومت تلنگانہ نے ’’مرل‘‘ مچھلی کو ریاستی مچھلی قرار دینے کے بعد اس کی فروخت اور اسے پالنے کے لئے مچھیروں کو مراعات کی فراہمی کے اعلان کئے تھے اور گذشتہ 6 برسوں سے ریاستی حکومت کی جانب سے تالابوں اور کنٹوں کے علاوہ جن مقامات پر مچھلی کی افزائش کی جا رہی ہے ان مقامات پر مچھلی کی سربراہی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اب حکومت کی جانب سے آن لائن مچھلی اور بکرے کے گوشت کی فروخت کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ۔ ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق تلنگانہ اسٹیٹ میٹ کارپوریشن اور محکمہ فشریز کے علاوہ دیگر متعلقہ محکمہ جات کی جانب سے مچھلی اور گوشت کی فروخت کے اقدامات کو بہتر بنانے کے ساتھ آن لائن گوشت اور مچھلی کی طلب کو دیکھتے ہوئے آن لائن فروخت یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ریاست کے شہری اضلاع میں جلد ہی گوشت اور مچھلی کی گھر تک ڈیلیوری کے سلسلہ میں ایپ روشناس کروایا جائے گا اور سرکاری طور پر متعین کردہ قیمتوں میں گوشت اور مچھلی کی فروخت و سربراہی عمل میں لائی جائے گی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ مچھلی اور بکروں کی پرورش کے سلسلہ میں اب تک کئے گئے اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہونے لگے ہیں اور اب حکومت پرورش کردہ بکروں اور مچھلی کو خریدتے ہوئے آن لائن سربراہی کو یقینی بنائے گی ۔م