لاکھوں کے قرض کی رقم ہارجانے پر ماں کی بچوں کے ساتھ خود کشی
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : آن لائن گیم کھیلنا اور آن لائن گیم کے ذریعہ پیسے کمانے کی آس کئی خاندانوں کی زندگی میں تاریکی کا سبب بن رہی ہے ۔ چوٹ اپل میں اس طرح کا ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں ایک مکان کے سمپ سے تین نعشوں کو نکلا گیا جن میں ایک ماں اور اس کے دو بچے تھے ۔ اور ان کی شناخت کرلی گئی ۔ 28 سالہ راجیشوری اور اس کے دو بچوں 5 سالہ انیرودھ اور تین سالہ ہرش وردھن کی نعش کو پانی کے سمپ سے نکالا گیا ۔ پولیس سمجھتی ہے کہ راجیشوری نے پہلے اپنے دونوں بچوں کو سمپ میں ڈال کر ان کا قتل کردیا اور پھر خود کشی کرلی ۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد پولیس ذرائع نے بتایا کہ راجیشوری آن لائن گیم کھیلنے کی عادی تھی اور وہ بہت زیادہ آن لائین گیم میں مصروف رہتی تھی ۔ یہ خاندان پہلے ولی گنڈہ میں رہتا تھا ۔ ملیش اس کی بیوی راجیشوری اور دو بچوں کے ہمراہ خوشحال زندگی بسر کررہا تھا جو پیشہ سے لاری ڈرائیور بتایا گیا ہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق راجیشوری نے ایک سال کے دوران تقریبا 8 لاکھ روپئے آن لائین گیم میں ہار گئی جس کے بعد وہ پریشان ہوگئی ۔ لاکھوں روئے کی یہ رقم اس کی نہیں تھی ۔ دوستوں اور رشتہ داروں سے رقم لی گئی تھی ۔ رقم ہارنے کے بعد پریشان راجیشوری پر رقم واپس کرنے کے لیے دباؤ بڑھتا گیا اور دوست رشتہ دار گھر تک پہونچ گئے اور رقم دینے کے لیے دباؤ ڈالنے لگے ۔ اور طرح طرح کی باتیں کی جارہی تھیں ۔ گذشتہ روز ایک رشتہ دار نے پیسوں کے لیے راجیشوری پر کافی دباؤ ڈالا اور فوری رقم واپس کرنے کے لیے مبینہ طور پر تنگ کرنے لگا ۔ رشتہ دار کی گھر سے جاتے ہی راجیشوری نے بچوں کو سمپ میں ڈال دیا اور خود بھی سمپ میں گر کر خود کشی کرلی ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔