آن لائین اشیاء کی خریدی کے رجحان سے معیشت اور ریٹیل تجارت متاثر

   

گھر بیٹھے اشیائے ضروریہ حاصل کرنا عوام کی ترجیح ۔ ریٹیل تاجرین کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کی ضرورت
حیدرآباد 29 اکٹوبر ( سیاست نیوز) آن لائن اشیاء کی خریدی کا رجحان ملک کی معیشت بالخصوص ریٹیل تجارت کیلئے انتہائی نقصاندہ ثابت ہورہا ہے اور آن لائن اشیاء کی خریدی پر ڈسکاؤنٹ کے سبب ریٹیل تاجرین کی تجارت متاثر ہونے لگی ہے ۔ ابتداء میں آن لائن اشیائے خورد و نوش کی اشیاء منگوانے کے پلیٹ فارمس کو فروغ کے بعد اب کوئی بھی شئے گھر بیٹھے منگوانے کی سہولت حاصل ہوچکی ہے اور صارفین اپنی مرضی کی شئے گھر بیٹھے موبائیل فون سے آرڈر کرکے منگواسکتے ہیں اور انہیں چند منٹوں یا گھنٹوں میں ان کی درکار اشیاء موصول ہونے لگی ہیں ۔ اشیائے خورد و نوش جو ریستوراں میں تیار کئے جاتے ہیں انہیں گھر تک پہنچانے SWIGGY اور ZOMATO جیسے آن لائن پلیٹ فارمس نے اب کرانہ اور جنرل اسٹور کی اشیاء بھی گھر تک پہنچانے کا آغاز کردیا ہے جبکہ UBER اور OLAجیسی کمپنیوں کے آن لائن پلیٹ فارمس نے بھی گھر بیٹھے اشیاء پہونچانے کا آغاز کردیا ہے اس کے علاوہ کسی کو کہیں کچھ روانہ کرنے اب RAPIDO کا استعمال کیا جانے لگا ہے خواہ کوئی کارڈ ‘ کاغذ یا پارسل ہو اس کیلئے ان سہولتوں کے استعمال میں اضافہ سے روایتی بازاروں کو شدید نقصانات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے کیونکہAMAZON یا FLIPKART جیسی کمپنیوں کی جانب سے آن لائن خریداری کرنے والوں کو بھاری ڈسکاؤنٹس دیئے جارہے ہیں جس سے یقینی طور پر صارفین کو فائدہ ہورہا ہے لیکن ریٹیل مارکٹ کو بحران کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔ تہواروں کے موقع پر ڈسکاؤنٹ کے علاوہ ان پلیٹ فارمس پر سال بھر فراہم کئے جانے والے ڈسکاؤنٹس سے ریٹیل تاجرین کو مشکل صورتحال کاسامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ مذکورہ پلیٹ فارمس کے علاوہ ملک میں Big Baskit و دیگر پلیٹ فارمس جو ترکاری اور گوشت بھی فروخت کر رہے ہیں ان کے نمائندے بھی اب گلی کوچوں میں نظر آنے لگے ہیں جو کہ ترکاری اور گوشت گھروں تک پہنچاتے نظر آرہے ہیں۔ آن لائن خریداری صارفین کو پہنچائی جانے والی ایک سہولت ہے اور اس سے استفادہ کرنا عصری سہولتوں سے استفادہ کے مترادف ہے لیکن بڑی کمپنیوں سرکردہ پراڈکٹس پر آن لائن پلیٹ فارمس پر رعایتیں صارفین کے بازار سے تعلق کو منقطع کرنے کا سبب بن رہی ہیں اور صارفین اپنی ضرورت کی اشیاء کو گھر بیٹھے منگوانے کو ترجیح دینے لگے ہیں۔ ریٹیل تاجرین جو اب بھی آن لائن پلیٹ فارمس سے خود کو دور رکھے ہوئے ہیں انہیں مستقبل کے تجارتی رجحانات کو دیکھتے ہوئے خود کو عصری دور سے ہم آہنگ کرنا چاہئے تاکہ وہ بھی تجارتی مسابقت کی اس دوڑ میں برقرار رہ سکیں۔3